تھر میں ہندو برادری آج ہولی کا تہوار منا رہی ہے

Holi  festival

Holi festival

تھر پارکر (جیوڈیسک) ملک بھر میں آج ہندو برادری اپنا مذہبی تہوار ہولی انتہائی جوش و خروش سے منا رہی ہے ،اس موقع پر تھر میں بھی بھوک پیاس اور غربت و افلاس سے مرجھائے چہرے ہولی کے رنگوں سے رنگ گئے ہیں۔

یوں تو ملک بھر میں ہندو براری آج اپنا مذہبی تہوار ہولی بھر پور جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے، ہولی کے موقع پر تھر کی بے رنگ وادیاں ہولی کے رنگوں سے رنگ گئی ہیں ،غربت و افلاس سے مرجھائے چہرے ہولی کی خوشیوں سے کھل اٹھے ہیں ،تھر پارکر کی سولہ لاکھ سے زائد آبادی کا تقریبا ساٹھ فیصدہندو آبادی پر مشتمل ہے، اس لئے یہاں ہولی کے رنگ ہی نرالے ہیں ۔

ضلعی ہیڈ کوارٹر مٹھی میں ہولی کے پہلے دن ریلیاں نکالی جاتی ہیں جن میں ڈھول کی تھاپ پر بھجن گائے جاتے ہیں اور رقص کیا جاتا ہے جبکہ شام کو ہولی کے گراؤنڈ میں ہولکا جلائی جاتی ہے اور خوشیاں منائی جاتی ہیں جبکہ دوسرے دن رنگوں کی بہار کا دن ہوتا ہے اور شہرکا ہرشخص ہی نہیں ہر گلی محلہ اور چوراہا ہولی کے رنگوں سے رنگ جاتا ہے۔

دیوالی ہو یا ہولی تھر میں ہندو برادی کا ہرتہوار مذہبی رواداری کی مثال ہے جہاں ہندوؤں کے ساتھ مسلمان بھی انکی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں، تھر میں بھر پور طریقے سے منایا جانے والا ہولی کا تہوار اس بات کاثبوت ہے کہ ملک میں اقلیتیوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل آزادی حاصل ہے۔