سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں

Hot Weather

Hot Weather

اسلام آباد (جیوڈیسک) سندھ ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخواہ میں چند مقامات پر مطلع ابر آلود ہے۔

ادھر ایبٹ آباد شہر و گرد نواح میں موسلا دھار بارش سے موسم میں خنکی بڑھ گئی ۔سندھ میں نواب شاہ ، لاڑکانہ ، بدین ، حیدر آباد میں گرمی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ،بلوچستان میں نصیرآباد ، جعفر آباد، سبی میں گرمی کی شدت بڑھتی جارہی ہے۔

چلچلاتی دھوپ ، جھلسا دینے والی گرم ہوانے شہریوں کا برا حال کررکھا ہے۔پنجاب میں ملتان ، رحیم یار خان بہاولپور ، فیصل آباد میں بھی موسم کافی گرم ہے۔ایبٹ آباد شہر اور گردو نواح میں وقفے وقفے بارش جاری ہے ، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے 2 دن کے دوران اسلام آباد، فاٹا،خیبر پختونخواہ،مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، بالائی پنجاب ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے ،گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نواب شاہ،دادو اور سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔