سندھ میں رینجرز کے اختیارات کو قانونی تحفظ حاصل ہے، وزارت داخلہ

Rangers

Rangers

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے رینجرز اختیارات سے متعلق سندھ حکومت کی سمری کا جواب تیار کرلیا ہے جس میں کہا گیا کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔

وفاق نے رینجرز اختیارات سے متعلق سندھ حکومت کی سمری کا جواب تیار کرلیا جو وزارت داخلہ نے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد تیار کیا جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی رائے کا احترام ہے مگر رینجرز اختیارات کو قانونی تحفظ ہے جب کہ جے آئی ٹی کسی حکومت کو نہیں بلکہ عدلیہ کو جواب دہ ہوتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے بھیجے گئے خط میں سندھ اسمبلی کی قرارداد کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ آرٹیکل 143 کے مطابق وفاقی قانون کو صوبائی قانون پر ترجیح ہوتی ہے جب کہ سیکشن فور لاگو ہونے سے رینجرز کسی کو 90 دن کے لیے تحویل میں لے سکتی ہے۔