صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے سیکریٹری اسپورٹس سندھ کا کردار بے مثال ہے

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی رکن سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے اعلان کیا ہے کہ شوٹنگ بال سمیت تمام کھیلوں میں بے مثال خدمات انجام دینے پر سیکریٹری کھیل محمد راشد کو وزیراعلیٰ سندھ سے گولڈ میڈل دلانے کی سفارش کروں گی، یہ اعلان انہوں نے سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان کررہے تھے کیا، وفد میں جاوید میمن، سید ظفر علی شاہ، شیخ عبدالمجید، عبدالرزاق اور دیگر شامل تھے، نفیسہ شاہ جیلانی نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کا مقام ہے کہ ایک بیوروکریٹ سندھ میں شہر، قصبے اور گاوں میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بے مثال کردار ادا کر رہا ہے جس پر میں اور اپنے خاندان کی جانب سے محمد ارشد کا شکریہ ادا کرتی ہوں،۔

نفیسہ شاہ جیلانی نے کہا کہ میری اولین کوشش ہے کہ سندھ میں شوٹنگ بال کھیل جو صوبہ کا مقبول ترین کھیل ہے اس کو فروغ حاصل ہو اور حکومت کی جانب سے بھی اس کی پزیرائی ہو،انہوں نے ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ وہ شوٹنگ بال کے فروغ کیلئے مجھے سفارشات پیش کریں میں اس کھیل کے فروغ کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاوئں گی، انھوں نے ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین ادا کیا اور کہا کہ اس کھیل کو جس طرح موجودہ ایسوسی ایشن مقبول بنا رہی ہے اس پر میں غلام محمد خان اور ان کی تمام کابینہ کو خراج تحسین ادا کرتی ہوں اس موقع پر غلام محمد خان نے تفصیل کے ساتھ ایسوسی ایشن کی کارکردگی سے نفیسہ شاہ جیلانی کو آگاہ کیا اور انکو دعوت دی کہ وہ کراچی میں انکے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیہ میں شرکت فرمائیں جو انہوں نے قبول کرلی، یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاوس خیرپور میں ہوئی اس موقع پر خیرپور پریس کلب کے صدر محمد خان بھی موجود تھے۔