سندھ میں دہشتگردی اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث 167 مدارس بند

Children Read Quran

Children Read Quran

کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ۔ حکومت سندھ نے غیر رجسٹرڈ اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث مدارس کے خلاف کاروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ دہشت گردی اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث 167 مدارس کو سیل کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں 27، حیدر آباد 21، میرپور خاص 17، لاڑکانہ 34، شکارپور میں 23 مدارس سیل کئے گئے۔ سیل کئے گئے مدارس چلانے والے 27 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کر لئے گئے۔ سندھ میں مدارس کی کل تعداد 9590 ہے۔ رجسٹرڈ مدارس 6503 جبکہ غیر رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 2920 ہے۔

غیر رجسٹرڈ مدارس میں 5 لاکھ 17 ہزار 596 طلباء زیر تعلیم ہیں۔ حکومت نے 6503 رجسٹرڈ مدارس میں سے 3662 مدارس کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی۔ جیو ٹیگنگ سے مدارس کو انٹرنیٹ پر سرچ کیا جا سکتا ہے۔ جیو ٹیگنگ والے 2122 مدارس کراچی جبکہ 1548 حیدر آباد میں ہیں۔

ادھر حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن اور دہشت گردی میں ملوث مدارس کے خلاف ایکشن کے لئے علماء اور حکومتی نمائندوں کی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی ہے۔ مدارس کے نصاب میں تبدیلی اور غیر ملکی طلباء کے ڈیٹا بیس کی تیاری کا عمل بھی شروع کر دیا ہے جو اگست 2016 تک مکمل کیا جائیگا۔