دھرنے کے دوران ایس ایس پی اسلام آباد پر تشدد؛ عمران خان اور طاہرالقادری کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری

 Imran Khan and Tahir ul Qadri


Imran Khan and Tahir ul Qadri

اسلام آباد (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے دھرنے کے دوران ایس ایس پی اسلام آباد عصمت جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام نے 2014 میں دھرنوں کے دوران ایس ایس پی اسلام آباد عصمت جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت کی، تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اورعوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی گرفتاری سے متعلق تعمیلی رپورٹ انسپکٹر یاسین بھٹہ نے جمع کرائی۔

تفتیشی افسر نے تعمیلی رپورٹ میں کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کےلئے ان کے گھر گئے تو ان کی رہائش گاہ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ عمران خان اس وقت کہاں ہیں اس بات کا علم نہیں جبکہ ڈاکٹرطاہرالقادری بھی ملک سے باہر ہونے کے باعث گرفتار نہیں کئے جاسکے۔ عدالت نے دونوں پارٹی سربراہان کے دوبارہ گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ ملزمان کیخلاف باوردی اہلکار پر تشدد، کار سرکار میں مداخلت اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔