ایک لاکھ ماہر افرادی قوت کو اگلے تین سالوں میں مرحلہ وار قطر بھجوایا جائے گا۔ عرفان قیصر

Lahore

Lahore

لاہور : نوجوانوں کو جدید شارٹ کورسز میں تربیت دے کر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ٹیوٹا ماہر افرادی قوت کو بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ایک لاکھ ماہر افرادی قوت کو اگلے تین سالوں میں مرحلہ وار قطر بھجوایا جائے گا۔

ماہر افرادی قوت اسٹیڈیم، ہوٹلوں اور فیفا ورلڈ کپ 2022 کے انعقاد کے دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کیلئے اپنی خدمات فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے سٹاف سورس انٹرنیشنل (قطر میںافرادی قوت کو بھرتی کرنے والا سب سے بڑا ادارہ)کے دورکنی وفد کے ساتھ ٹیوٹا سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میںچیف ایگزیکٹیو آفیسر اشوک شرستھا اور بزنس ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ عظیم سلیم شامل تھے۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ ، ہارون نصیر، عثمان علی، مصطفی کمال پاشا، عائشہ قاضی ، عامر حسن ، مقصود احمداور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کا وفد صوبائی وزیر لیبر و ہیومن ریسورس راجہ اشفاق سرور کی سربراہی میں بشمول چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور دیگرکے ساتھ پہلے ہی قطر کا کامیاب دورہ کر چکا ہے ۔ ٹیوٹا ہنر مند افراد ی قوت کو برآمد کرنے کیلئے سب سے اہم کردار ادا کریگی ۔بھرتی کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے منتخب شدہ افرادی قوت ٹیوٹاپنجاب کے پلیسمنٹ سیل کے ذریعے باہر بھیجی جائے گی۔

ڈرائیورز،سکیورٹی گارڈز، سپروائزرز،مشین /موٹر مکینک،کارپینٹر ،سٹیل فیکسر ،پینٹر، میسن،کک، ہائوس کیپکنگ، پلمبر،ویلڈر،اے سی مکینک،ہوٹل سٹاف، کمپیوٹر آپریٹرز اور جنریٹر آپریٹرز اوردیگر میں ماہر افرادی قوت تیار کرنے کیلئے کورسز متعارف کروارہی ہے ۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر سٹاف سورس انٹرنیشنل قطر اشوک شرستھا نے اپنے خطاب میں ٹیوٹا کی جانب سے اپنے فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے اقدمات کو سراہا۔ٹیوٹا بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق شارٹ کورسز کے آغاز سے قطراور دیگر خلیجی ممالک کو افرادی قوت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔قبل ازیں، چیئر پرسن ٹیوٹا ، دو رکنی وفد اور ٹیوٹا افسران نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ میں نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ووکیشنل ٹریننگ کی فراہمی اور جاری چائنیز زبان کی کلاسوں کا دورہ کیا ۔ وفد نے ادارے کی جانب سے نوجوان نسل کو ہنر مند افرادی قوت بنانے کی کاوشوں کو سراہا۔