کیا معاشرتی علوم ضروری نہیں؟

Quote Of Hazrat Muhammad PBUH

Quote Of Hazrat Muhammad PBUH

علم حاصل کرو خواہ تمہیں چین جانا پڑا” علم ایک لازوال دولت ہے علم ایک بے مثال طاقت ہے با ادب بانصیب بے ادب بے نصیب یہ وہ فقرے ہیں جو ہم بچپن سے اپنے سکول کی دیواروں یا کمروں میں چارٹ پر لکھے ہوئے دیکھتے آرہے ہیں۔ اس وقت کی تعلیم اور آج کی تعلیم میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ اس وقت استاد اور شاگرد اپنے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دیتے تھے جبکہ آج کل کے دور میں استاد اور شاگرد میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ آج کے اس دور میں تعلیم کا واویلا تو حکمرانوں نے کیا مگر اس کے لیے عملی اقدامات کسی نے نہیں کیے۔ پچھلے کئی سالوں سے پنجاب میں جو بھی وزیراعلیٰ بنا اس نے تعلیم کا بیڑا اٹھا لیا۔ اس نے سوچا میں تو خواندگی کی شرح سو فیصد کر کے ہی دم لونگا۔ ہر جگہ تعلیم کو اہمیت دی جاتی تھی۔ ہر فورم پر ہمارے حکمران بڑے بلند و بالا دعویٰ کرتے نظر آئے مگر یہ سب زبانی کلامی ہوتا تھا یا پھر ٹیکسٹ بکس پر اس دور کے وزیراعلیٰ کی تصویر پبلش کرانے کے شوق تک محدود ہوتا تھا۔

علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض ہے ”یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ہمارے پیارے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے۔ اس لیے مسلمان ہونے کے ناطے ہمارے حکمران تعلیم کا نعرہ لگا دیتے ہیں۔ اگر ہم پچھلے چند سالوں کے تعلیمی معیار کا جائزہ لیں تو مجھے یقین ہیں کہ آپ سب قارئین میری اس بات سے سو فیصد متفق ہونگے کہ تعلیم کے میدان میں آئے دن تبدیلیوں نے تعلیم کا ستیاناس کر کے رکھ دیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کسی بھی چیز کی بنیاد ہمیشہ مضبوط رکھنی چاہیے۔ مگر ہمارے حکمران تو ان طالب علموں کے ساتھ سراسر ناانصافی کر رہے ہیں۔ گورنمنٹ کتابیں وقت پر مہیا نہیں کرتی اور کتابوں میں تبدیلی تو ایسے ہوگئی جیسے ہر بارہ ماہ بعد سال بدلتا ہے۔

Government Of Pakistan

Government Of Pakistan

اب سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا یہ گورنمنٹ جو بچوں کی تعلیمی بنیاد رکھ رہے ہیں وہ ایک پختہ بنیاد ہو گی؟ وہ بچے مستقبل میں کیا کریں گے؟ جو چیز ان کو پرائمری میں پڑھنا چاہیے تھیں وہ تو کتابیں نہ ملنے اور پورا ٹائم نہ ملنے کی وجہ ضائع ہو گیا۔ اب یہی حال مڈل کلاسز کے بچوں کا ہو گا۔جب رزلٹ آتا ہے تو وہ پھر اتنا اچھا ہوتا ہے کہ جو دیکھے وہ عش عش کراٹھے۔ یہ تو بھلا ہو پرائیویٹ سکولز کا جن کی وجہ سے رزلٹ 50 فیصد تک آجاتا ہے ورنہ اگر گورنمنٹ سکولز پر رہیں تو رزلٹ بیس تیس فیصد سے زیادہ نہ ہو۔

چند سال پہلے حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں بنیادی تعلیم یعنی پرائمری اور مڈل کلاسز کے امتحانات ایک ساتھ کرانے کا فیصلہ کیا۔ جس کے لیے ایک پنجاب ایگزامینشن کمیشن کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ اس ادارے کے تحت صوبہ پنجاب میں پرائمری اور مڈل کے امتحانات لیے جاتے ہیں۔ چند فیصد لوگ تو پہلے ہی PEC کے ساٹھ فیصد ٹک (چیک) کرنے والے امتحانی نظام سے متفق نہیں کیونکہ اس میں تو نکمے سے نکما طالب علم بھی نقل کر کے ٹک کا نشان لگا لیتا ہے اور امتحان میں باآسانی پاس ہو جاتا ہے۔

Social Studies

Social Studies

اس سال PEC اپنے نظام میں ایک بار پھر تبدیلی کی اور تبدیلی بھی ح دکی کر دی۔ سارا سال سکولوں میں بچوں معاشرتی علوم (مطالعہ پاکستان) پڑھایا گیا۔ دوسرے مضامین کی طرح اس کی بھی تیاری کرائی گئی مگر عین امتحان کے وقت پر جب ڈیٹ شیٹ مارکیٹ میں آئی اس میں سے معاشرتی علوم کو غائب کر دیا۔ اس ادارے نے معاشرتی علوم کا امتحان لینا بھی گوارا نہیں کیا بلکہ سکولز کو کہہ دیا کہ وہ خود اس مضمون کا امتحان لیں۔ اگر سکول نے ہی امتحان لینا ہے تو پھر تمام مضامین کے امتحان سکول کو لینے کی اجازت دے دیں یا پھر معاشرتی علوم کی جگہ اس مضمون کا امتحان نہ لیں جس سے طالبعلم جان چھڑاتے ہیں۔

وہ مضمون جو ہماری نسل کے لیے بہت ضروری ہے، جس کے پڑھنے سے بچوں کو پتہ چلتا ہے کہ کون کون اس ملک کا ہیرو ہے کس کس نے اس ملک کو حاصل کرنے کے لیے اپنی جان کے نظرانے پیش کیے؟ کس کس مسلمان نے تاریخ میں مسلمانوں کے لیے قربانیاں دیں۔ ان سب کو اجاگر کرنے کی بجائے انہیں فراموش کر دیا۔ شاید یہ گورنمنٹ کی پالیسی ہے کہ آنے والی نسل کو علم ہی نہ ہو کہ ہمارے ملک کے لیے کس کس نے خدمات سر انجام دیں؟ معاشرتی علوم جیسے مضمون میں پاکستان کی تاریخ پڑھائی جاتی ہے اور کوئی بھی طالبعلم نہیں چاہتا کہ پاکستان کی تاریخ کا مطالعہ نہ کیا جائے۔ ایک سروے کے مطابق ابتدائی تعلیم میں پاکستان کے پانچ فیصد کے قریب طالب علم انگلش کو پسند کرتے اور باقی اس سے جان چھڑاتے ہیں۔ بہت سے طالبعلم صرف انگلش کے خوف سے تعلیم چھوڑ دیتے ہیں۔ ساٹھ فیصد کے قریب طالب علم سائنس سے جان چھڑاتے ہیں۔

پھر اگر تعلیم کے فرعونوں کو مضمون کم کرنا تھا تو انگلش کو کر دیتے یا سائنس
کو۔ طالب علم ان دونوں مضامین سے زیادہ معاشرتی علوم کو پسند کرتے ہیں۔ اللہ جانتا ہے کہ PEC نے کیا سوچ کر اس مضمون کا امتحان نہ لینے کا فیصلہ کیا؟ یہی نہیں ہشتم سے عربی جیسے مضمون کا بھی امتحان نہ لیا جا رہا ہے۔

معلوم نہیں ایجوکیشن ڈیپارنمنٹ پر کون لوگ قابض ہیں جو پاکستان کی تاریخ کو اجاگر کرنے والوں کو مسخ کرنے اور ساتھ ہی قرآن کے مطالعہ کو بھی ختم کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ ویسے تو بہت کم لوگ ہیں جو قرآن کا ترجمہ پڑھتے ہیں صرف ایک عربی ہے جس سے بچے ابتداء سے ہی قرآن پاک کا ترجمہ پڑھتے ہیں۔ جب اس طرح کی تعلیمی پالیسیاں مرتب ہونگی تو شرح خواندگی کاغذوں میں تو بڑھ سکتی ہے مگر ہمارے معاشرے کے لیے یہ ناسور ثابت ہوگی۔

Aqeel khan

Aqeel khan

تحریر :عقیل خان
aqeelkhancolumnist@gmail.com