مرحوم بھائی صوفی ملازم حسین کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا جائے گا، چوہدری قمر اقبال

Chaudhry Qamar Iqbal

Chaudhry Qamar Iqbal

اوسلو (پ۔ر) چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے کہا ہے کہ مرحوم بھائی اوردوست صوفی ملازم حسین دھکڑ کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا جائے گا۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں انھوں نے کہا کہ صوفی ملازم حسین ہماری خوشیوں اور غموں دونوں کا ساتھی تھا اور ہمیشہ بھائیوں کی طرح ہر میدان میں ساتھ دیا۔

واضح رہے کہ نارویجن پاکستانی شخصیت صوفی ملازم حسین دھکڑ گذشتہ روزناروے کے دارالحکومت اوسلو کے ”ریکس” ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کو اتوارکے روز دماغی شریان پھٹ جانے سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں علاج کے دوران وہ جانبرنہ ہوسکے اورجمعرات کو دارافانی سے رخصت ہوگئے۔ان کی میت اتوارکے روزپاکستان روانہ کردی گئی جہاں تحصیل کھاریاں گائوں دھکڑ میں ان کی تدفین ہوگی۔ وہ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کے بہت ہی قریبی ساتھیوں میں شمارکئے جاتے تھے۔

چوہدری قمراقبال نے مزید کہاکہ صوفی ملازم حسین ایک نرم دل اور کم گو انسان تھے اورنارویجن پاکستانی کمیونٹی میں بہت فعال تھے۔انھوں نے مزید کہاکہ ابھی ایک اور قریبی دوست اوربھائی مرحوم چوہدری رفیق دھکڑکی جدائی کا غم کم نہیں ہواتھا کہ صوفی ملازم بھی ہمیں وداع کہہ گئے۔ انھوں نے اپنے دوستوں ، عزیزوں اوراحباب سے درخواست کی کہ وہ صوفی ملازم حسین کی مغفرت کے لئے دعا کریں۔

پاکستان یونین ناروے کے دیگر عہدیداروں ملک پرویزمہر،اقبال احمد، چوہدری منشا خان نوناوالی، چوہدری اصغردھکڑ، شاہ رخ سہیل اور دیگر متعدد شخصیات نے صوفی ملازم حسین کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جواررحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔ امین