عامر سہیل، سرفراز کو تینوں طرز کا کپتان بنانے کے مخالف

Amir sohail

Amir sohail

لاہور (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل نے سرفراز احمد کو فوری طورپر تینوں طرز کی ٹیموں کا کپتان بنانے کی مخالفت کر دی، گگلی ماسٹر عبدالقادر کے مطابق عمران خان کی رائے سے متفق ہوں کہ تینوں فارمیٹ کا ایک ہی قائد ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق عامر سہیل نے کہا کہ مجھے سمجھ میں نہیں آتاکہ پی سی بی کو ہر چیز کرنے کی اتنی جلدی کیوں ہے، سرفراز احمد کو فوری طور پر تینوں طرز کی کرکٹ کا کپتان نہیں بنانا چاہیے، میں وکٹ کیپر بیٹسمین کو کپتانی دینے کا مخالف نہیں ہوں لیکن انھیں پہلے مختصر طرز کی کرکٹ میں ایڈجسٹ ہونے دیں۔

ان کی کارکردگی تسلی بخش ہو تو مزید ذمہ داریاں ملنی چاہئیں،انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے کہ غیر ملکی کوچ کا تقرر کرنے کے بجائے ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنائے، کوچ صرف کھلاڑیوں کو پلان ہی بنا کر دے سکتا ہے جبکہ ٹیلنٹ ہمیشہ ڈومیسٹک سطح سے ہی آتا ہے، شاہد آفریدی کے حوالے سے سوال پر عامر سہیل نے کہاکہ سلیکٹرزکو پہلے یہ دیکھنا چاہیے کہ وہ بطور کھلاڑی فٹ بھی ہیں یا نہیں پھر اس کے بعد کوئی فیصلہ کریں۔

دوسری جانب سابق اسپنر عبدالقادر نے کہا کہ میری رائے میں نیا کوچ رکھنے سے پہلے کپتان کو سلیکشن اور دیگر معاملات میں بااختیار بنانا ضروری ہے، چیئرمین پی سی بی کو چاہیے کہ وہ کھیل کی بہتری کے لیے گورننگ بورڈ میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو شامل کریں، انھوں نے سرفراز احمد کو کپتان بنانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کی رائے سے اتفاق کرتا ہوں کہ تینوں فارمیٹ میں ٹیم کا ایک ہی کپتان ہونا چاہیے۔