ٹیکنالوجی

Technology

Technology

تحریر: سالار سلیمان
ٹیکنالوجی کی ترقی درحقیقت انسانی ترقی ہے اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ٹیکنالوجی نے ہر دور میں انسانی ترقی میں اہم کردار اد اکیا۔آسان الفاظ میں یوں کہ لیں کہ ہر وہ چیز جو انسان کے کام کو آسان کرتے ہوئے کم وقت میں سر انجام دے ‘اُس کو ٹیکنالوجی کہتے ہیں۔ آج یہ ٹیکنالوجی ہمارا اصل اثاثہ ہے۔ اس کی ایک سادہ سی مثال کچھ یوں لیں کہ فرض کریں کہ ہم میں سے ایک سو لوگوں کو ایک ہفتہ کسی کتاب’ موبائل’ لیپ ٹاپ ‘گھڑی وغیرہ کے بغیر کسی دور دراز مقام یاجنگل میں گزارنا ہوگا تو یہ سات دن کس حد تک آسان ہونگے،یعنی ٹیکنالوجی اور انسان اب لازم و ملزوم ہو چکے ہیں۔ ٹیکنالوجی میں بھی نہایت تیزی سے تبدیلی آتی جارہی ہے، جو ٹیکنالوجی آج سے پانچ سال پہلے تھی وہ اب کافی حد تک کم ہو چکی ہے اور جو ٹیکنالوجی آج سے دس پندرہ سال پہلے تھی وہ اب متروک ہو چکی ہے اور عنقریب عجائب گھر میں نظر آئیگی۔ اس ٹیکنالوجی نے تقریبا ً تمام کاروبار پر اثر ڈالا ہے اور یہ بھی اب ٹیکنالوجی کا سہارا لے رہے ہیں۔ آپ آج کی تاریخ کے کسی بھی کامیاب کاروباری کی پروفائل اٹھائیں، اس کا مطالعہ کریں تو آپ یہ تسلیم کر لیں گے کہ انہوںنے ٹیکنالوجی کو اہمیت دی’ بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کو سمجھااور ترقی کی منازل طے کرتے چلے گئے ۔آپ دنیا کے امیر ترین افراد کی پروفائل دیکھ لیں آپ اس نقطے کو بخوبی سمجھ جائیں گے۔

پاکستان وہ ملک ہے جہاں پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اہمیت دی جاتی ہے اور اس میں بھاری سرمایہ کاری بھی کی گئی ہے ۔اس ضمن میں مقامی کاروباری افراد جدید ٹیکنالوجی کو بہت جلدی رائج کر لیتے ہیں جس سے ٹیکنالوجی کا سفر بھی پوری رفتار سے جاری رہتا ہے ۔

ICI Dulux

ICI Dulux

حال ہی میں پاکستان میں آئی سی آئی ڈیلکس نے ایک نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے ۔ یہ کمپنی پاکستان میں پینٹ بنانے والی معروف کمپنی ہے ۔ کمپنی نے iOs سسٹم اور اینڈرائڈ سسٹم کیلئے ایک ویژولائزر ایپ متعارف کروائی ۔آپ اس ایپ کی تفصیلات پڑھیں تو آپ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ اس ایپ کے ساتھ کوئی بھی صارف ‘اپنے تخیل میں ‘ کسی بھی جگہ کو یا دیوار کو اپنی پسند کے رنگ سے پینٹ کر سکتا ہے ۔

اس ایپ کی بدولت اس کو علم ہوتا ہے کہ فلاں جگہ پر کونسا رنگ زیادہ بہتر رہے گا۔ اس ایپ سے حقیقت اور تخیل کو یکجاں کیاجاتا ہے اور سکرین پر آپ کو نتیجہ ظاہر ہو جاتا ہے اور اس کے بعد آپ کی مرضی ہے کہ اُس نتیجے میں حقیقت کا رنگ بھریں اور یاں پھر اس کو تبدیل کر لیں۔ تخیل بنانے والی اس ایپلیکیشن سے ہوتا یہ ہے کہ صارف کسی بھی دیوار کی ویڈیو بناتاہے، ایک آپشن میں جا کر اُس دیوار پر رنگ کرتا ہے۔ اگر تو وہ اپنے انتخاب سے مطمئن ہوجائے تو وہ اُسی رنگ کو اپنی دیواروں پر کروا سکتا ہے اور یاں اُس کو تبدیل کر سکتا ہے۔ا س کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ فضول بحث اور قیمتی وقت کی بچت ممکن ہے ۔ مزید براں کوئی بھی صارف اپنی ویڈیو کو ناصرف محفوظ کر سکتا ہے بلکہ اس کو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے رائے بھی لے سکتا ہے ۔ان تمام مراحل کے بعد رنگوں کو حقیقت میں بھرنے کا عمل باقی رہ جاتاہے۔

Zameen.com

Zameen.com

ٹیکنالوجی کے حوالے سے آپ دوسری مثال لیں ، پاکستان کے سب سے بڑے پراپرٹی پورٹل زمین ڈاٹ کام نے بھی ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھایا۔ اس ویب سائٹ نے پورے سیکٹر کو ڈیجیٹل کیا، لوگوں کو ٹیکنالوجی کا فائدہ سمجھایا، اس کا استعمال سکھایا اور آج یہ پاکستان کی مارکیٹ میں سب سے بڑی پراپرٹی کی ویب سائٹ تسلیم کی جاتی ہے ۔اب اس سب کے بعد کمپنی نے ایک نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی۔یہ ٹیکنالوجی کیا تھی ؟ اس کو سپر ہاٹ پراپرٹی کا نام دیا۔آپ نے اگر کوئی گھر خریدنا یا کرائے پر لینا ہو تو کیا ہوگا؟ آپ کسی اسٹیٹ ایجنٹ سے رابطہ کریں گے’ وہ چند دن کے بعد آپ سے رابطہ کرے گا، آپ کو گھر دکھائے گا، اس کی جھوٹی سچی تعریفیں کرے گا، آپ کو رام کرنے کیلئے ہر قسم کو حربہ آزمائے گا۔ اس قسم کا تلخ تجربہ حال ہی میں میرے بھائی اور دوست کو ہوا ہے اور اس قسم کے تجربوں سے تقریباً ہر وہ فرد گزارا ہے جس کو لاہور’ کراچی یا اسلام آباد جیسے بڑے شہروں حتیٰ کہ گوجرانوالہ ‘ ملتان ‘ فیصل آباد جیسے شہروں میں کرایے پر رہائش کی ضرورت پڑی ‘ یا اُس کو ان جگہوں پر کوئی گھر خریدنا پڑا اور اس کو کسی نا اہل اسٹیٹ ایجنٹ سے پالا پڑا۔ زمین ڈاٹ کام نے اس کام کو سرے سے تبدیل کر دیا ہے۔

سپر ہاٹ پراپرٹی کے سیکشن میں جا کر آپ اپنی مطلوبہ پراپرٹی کو آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔ اس سیکشن میں اُس پراپرٹی کی تفصیلی ویڈیو آن لائن موجود ہوتی ہے اور صارف کیلئے یہ فیصلہ کرنا بہت ہی آسان ہوتاہے کہ میں اپنی کرسی سے اُٹھ کر پراپرٹی ڈیلر کے دفتر تک جاؤ ں یا مزید سرچ کروں۔یہ ویڈیوز ویب سائٹ کی سرچ میں اوپر کی جانب تیس دنوں کیلئے ظاہر ہوتی ہیں اور عام لسٹنگ کی نسبت بیس گنا زیادہ ایکسپویر دیتی ہیں۔ فی الحال یہ کام پاکستان میں کسی بھی ویب سائٹ کی جانب سے پہلی مرتبہ ہے ۔ پرنٹ میڈیا میں محض تین سطور کا اشتہار اور ویب سائٹ پر ویڈیو، یقینا اس میں بہت فرق ہے ۔

ٹیکنالوجی اب یہاں ہی نہیں بلکہ مارکیٹ میں ایسی ایپس موجود ہیں جن کے استعمال سے آپ گھر بیٹھے لذیذ کھانا اپنی دہلیز پر حاصل کر سکتے ہیں ۔ انٹر نیٹ پر ایسی ایپس بھی موجود ہیںکہ جہاں سے آپ گھر میں بیٹھے ہوئے آن لائن خریداری کر سکتے ہیںاور ادائیگی بھی گھر کی دہلیز پر کرنی ہوگی۔ کیا یہ بات کوئی عام آدمی آج سے پندرہ بیس سال پہلے تک سوچ سکتا تھا؟ سوئی سے لیکر ہوائی جہاز تک آپ انٹرنیٹ پر گھر بیٹھے خرید بھی سکتے ہیں اور بیچ بھی سکتے ہیں۔ جو چیزیں آج محض خیال ہیں وہ باتیں کل حقیقت ہونگی۔ بس اتنی سی دعا ہے کہ آنے والے دنوں میں منظر عام پر آنے والی ٹیکنالوجی انسانوں کے مفاد میں ہوجس سے انسان کی فلاح ممکن ہو سکے۔

Salaar Sulaman

Salaar Sulaman

تحریر: سالار سلیمان