سونم کپور کی شادی کی تیاریاں، رنگ میں بھنگ پڑ گیا

Sonam Kapoor

Sonam Kapoor

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کوریوگرافر فرح خان کے ساتھ حادثہ پیش آ جانے کے باعث سونم کپور کی شادی کی تیاریوں میں رنگ میں بھنگ پڑ گیا۔

گزشتہ روز کپور خاندان نے سونم کپور اور آنند آہوجا کی شادی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رواں ماہ 8 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں۔ شادی کا اعلان تو گزشتہ روز ہواہے تاہم سونم کی شادی کی تیاریاں کئی ماہ پہلے سے جاری تھیں۔

سونم کپور کی شادی مکمل رسم ورواج کے ساتھ انجام پائے گی اور مہندی، مایوں، سنگیت سمیت تمام رسمیں اداکی جائیں گی، سونم کی سنگیت کی تقریب میں رقص کی تربیت دینے کیلئے بالی ووڈ کی نامور کوریوگرافر فرح خان کو بلوایا گیا تھااور وہ گزشتہ کئی روز سے سنگیت کی تقریب کو یادگار بنانے کیلئے رقص کی ٹریننگ دے رہی تھیں۔

تاہم شادی سے محض 6 روز پہلے تیاریوں میں اس وقت رنگ میں بھنگ پڑگیا جب فرح خان ایک حادثے میں اپنی ٹانگ تڑوابیٹھیں جس کے باعث اب وہ رقص کی ٹریننگ نہیں دے پائیں گی۔ جس کی اطلاع فرح خان نے خوداسنیپ چیٹ پر دی۔