سونی ٹی وی انتظامیہ کی کپل شرما کو شو بند کرنے کی دھمکی

 Kapil Sharma

Kapil Sharma

ممبئی (جیوڈیسک) سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن نے بھارتی کامیڈین کپل شرما کو معاہدہ منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی۔

بھارت کے مقبول ترین کامیڈی پروگرام ’’دی کپل شرما شو‘‘ کے بند ہوجانے کے بعد رواں ماہ شروع ہونے والے نئے شو ’’فیملی ٹائم ود کپل شرما‘‘ کی راہ میں بھی مشکلات حائل ہوگئیں۔

کپل شرما اپنے شو کی وجہ سے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بالی ووڈ کی معروف شخصیات فلم کی تشہیر کے لیے ان کے پروگرام کا حصہ بننے کو ترجیح دیتی ہیں لیکن کچھ روز قبل کپل اور سنیل کے سوشل میڈیا پر جھگڑے کی وجہ سے نئے شو میں فلم ’’باغی ٹو‘‘ کے ٹائیگر شروف اور دیشا پٹانی کی ریکارڈنگ بھی منسوخ کردی گئی تھی بعد ازاں کپل نے ٹوئٹر پر شو کی منسوخی کو تکنیکی خرابی کی وجہ قرار دیا تھا۔

دوسری جانب بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کو اپنی نئی فلم ’’ہچکی‘‘ کی پروموشن کے لیے مدعو کیا گیا لیکن کپل کی عدم موجودگی کی وجہ سے رانی مکھرجی کو 2 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا بعد میں انتظامیہ نے شو کو منسوخ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے چینل انتظامیہ ان سے ناراض ہے اس پر سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن نے کپل کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی شوٹنگ ٹائم پر شروع کریں ورنہ آپ کا چینل سے معاہدہ منسوخ کردیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما کی جانب سے ہر شو کی منسوخی پر پروڈیوسر کو 35 لاکھ روپے کا نقصان ہوتا ہے جب کہ کپل کی بالی ووڈ ستاروں کو انتظار کروانے کے بعد عین موقع پر ریکارڈنگ کی منسوخی کے عمل سے شو بند ہونے کی نوبت آسکتی ہے۔