ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں 22/8/2016

ڈیرہ اسماعیل خان (سید توقیر زیدی) جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے جے یو آئی کے سینیٹر صالح شاہ محسود نے جنوبی وزیرستان اور بلخصوص محسود قبیلہ کیلئے موجودہ سالانہ ترقیاتی فنڈز میں منتخب نمائندوں کو نظر انداز کرنے پر گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑااور ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرادیا ۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر صالح محسود نے لندن سے ٹیلفونک گفتگو کے دوران میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے گورنرخیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سے گذشتہ ملاقات کے دوران کہا کہ وہ محسود قبائل کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں اور سالانہ ترقیاتی فنڈز میں ریشنلائزشن پالیسی 2015کو ختم کیا جائے ۔ اور ختم شدہ تعلیمی اداروں کو دوبارہ بحال کیا جائے کیونکہ اس قسم کی پالیسی سے محسود قبائل کے تکالیف میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ محسود علاقے کی بنجر اراضی کو زرخیز بنانے کیلئے ایری گیشن ،فلڈ پروٹیکشن بند جیسے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے جائیں ۔ تاکہ ہماری تکالیف کم ہوسکیں ۔انہوں نے کہا کہ گورنر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے موجودہ اے ڈی پی میں محسود قبائل کیلئے نامناسب حصہ رکھا تھا ۔ جو کہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے ۔قیام پاکستان کے لئے جتنی قربانیاں محسود قبائل نے دیں اتنی کسی اور نے نہیں دیں۔انہوں نے کہا کہ ریشنلائزیشن پالیسی 2015عوام دشمن پالیسی ہے ۔محسود قبائل پہلے ہی تعلیمی میدان میں اور آپریشن راہ نجات کی وجہ سے تکالیف کا شکار ہیں ۔صحت اور تعلیم کے مراکز ریشنلائزیشن پالیسی کی وجہ سے علاقے میں ختم ہورہے ہیں بے روز گاری اور بدامنی پھیلنے کا خدشہ ہے اگر ریشنلائزیشن پالیسی کو فلفور ختم نہ کیا گیا تو اسکے علاقے اور محسود قبائل پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہونگے ۔ سینیٹر صالح شاہ محسود نے توقع ظاہر کی کہ فاٹا سیکرٹریٹ میں نئے عہدوں پر تبدیل ہونے والے اہلکار جنوبی وزیرستان اور بلخصوص محسود قبائل کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈیرہ اسما عیل خان(سیدتوقیرزیدی)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ میں موبائل ٹارچ میںآپریشن کرنے کا صوبائی حکومت نے نوٹس لے لیا ۔ سیکرٹری صحت خیبر پختونخواہ نے انکوائری ٹیم ڈیرہ بھجوادی ۔ چیف سیکرٹری نے ڈی سی ڈیرہ سے جواب مانگ لیا ۔انتظامی معاملات میں بگاڑ کی اصل وجہ سیاسی مداخلت نظر آگئی ۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے میڈیا کے ہسپتال داخلے پر پابندی کا ڈی سی نے ایکشن لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے وسط میں واقع انتہائی حساس ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ کو ایک بجلی کے فیڈر سے بجلی فراہم کی جاری ہے ۔ جبکہ ہسپتالوں کو ایمرجنسی دو فیڈرز سے بجلی فراہم کی جاتی ہے تاکہ آپریشن تھیٹر سمیت حساس وارڈز میں بجلی کی فراہمی معطل نہ ہو ۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے دوسرے فیڈر سے بجلی فراہم کیلئے رقم جمع کرادی ہے ۔ مگر فاٹا کنسٹرکشن حکام کمیشن طے نہ ہونے کے سبب لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں ۔تین روز قبل اعلی حکام کے نوٹس میں یہ بات میڈیا کے توسط سے علم میں لائی گئی کہ بجلی کے ایک فیڈر کی لوڈشیڈنگ کے اوقات اور جنریٹر کی خرابی کے باعث اہم ایمرجنسی آپریشن موبائل ٹارچ کی روشنی میں کئے گئے ۔ سیکرٹری صحت نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور چیف ایگزیکیٹو سے جواب طلب کرتے ہوئے انکوائری ٹیم پشاور سے ڈیرہ روانہ کردی جورپورٹ مرتب کررہی ہے ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں بدانتظامی ، ڈاکٹروں کی لابیاں ، ڈاکٹروں کے آپس میں اور سٹاف سے اختلافات میں سیاسی مخالفتپنہاںہے ۔ چیف سیکرٹری نے بھی ڈی سی ڈیرہ معتصم باللہ شاہ سے جواب طلب کیا انہوں نے ہسپتال کا دورہ کرکے ہائوس آفیسرز ڈاکٹرز سے کامیاب مزاکرات کرکے ہڑتال ختم کرادی ۔ ہسپتال کے اندرونی معاملات کی خبریں طشت ازبام ہونے پر میڈیا کا داخلہ ہسپتال انتظامیہ نے بند کردیا ۔ ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمن استرانہ نجی میڈیکل کمپنی کی دعوت پر بیرون ملک ہیں جبکہ ہسپتال کے تمام معاملات خود ساختہ ڈی ایم ایس ڈاکٹر فرید محسود چلارہے ہیں۔جنکو ایک صوبائی وزیر کی حمایت حاصل ہے ۔ مذکورہ ڈی ایم ایس کی تقرری کے احکامات صوبائی حکومت نے تاحال جاری نہیں کئے ہیں مگر اندھیر نگری چوپٹ راج کے مطابق ڈاکٹر فرید گذشتہ تین ماہ سے ڈی ایم ایس کے اختیارات بغیر کسی احکامات کے بغیر خود چلارہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈیرہ اسماعیل خان (سیدتوقیرزیدی) شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ عارف واحدی نے قائد شہید عارف حسین الحسینی و شہدااہل تشیع و شہدا پاک فوج و سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان بنایا گیا تو ہم متحد تھے لیکن اب ہمیں مختلف فرقوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ اہل تشیع کو پورے پاکستان میں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہم کمزور نہیں تھے لیکن ہم نے دہشت گردانہ انداز اپنانے کی بجائے ملک میں امن و امان کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں ۔قیام پاکستان کے لیے ہم نے بھی بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل آتحاد امت میں ہے. عزاداری سید الشہدا میرا بنیادی حقوق میں شامل ہے۔ عزاداری کو محدود کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی.عزاداروں کے خلاف مقدمات واپس نہ کیے گئے تو یہ مقدمات حکمرانوں کے گلے کا پھندا بن جائے گا۔ مسلمانوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے،. شیعہ علما ء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ پاکستان بنانے میں شیعہ قوم کا کردار تھا اور اب شیعہ قوم پاکستان کو بچانے کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گے .آج دشمن طاقتیں فرقہ واریت و دہشت گردی پھیلا کر پاکستان کی بنیادوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ شہید عارف حسین الحسینی کی محب الوطنی پوری قوم جانتی ہے۔پاکستان علامہ اقبال کی فکر اور قائد اعظم محمد علی جناح کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ کانفرنس سے جامعہ مسجد لاٹو فقیر کے علامہ غضنفر عباس،علامہ اظہر ندیم سمیت دیگر نے خطاب کیا ۔اس موقع پر متعدد قراردادیں بھی منظو ر کیں گئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسما عیل خان(بیورورپورٹ) سنٹرل جیل ڈیرہ میں جشن آزادی کے سلسلے میں ”جشن آزادی والی بال ٹورنمنٹ سنٹرل جیل ”کے فائنل میچ میں قیدیوں کی ٹیم نے حوالا تیوں کی ٹیم کو شکست دے کر ٹورنمنٹ اپنے نام کرلیا۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی سپرٹینڈنٹ جیل بن یامین میانخیل تھے ٹورنمنٹ میں قیدیوں اور حوالاتیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کھیلوں سے خوب محضوظ ہوئے سپرٹینڈ نٹ جیل بن یامین میانخیل نے قیدیوں کی فاتح ٹیم اور حوالاتیوں کی دوسرے نمبر کی ٹیم میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کو اپنی طرف سے دو ہزار روپے نقد انعام بھی دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپرٹینڈنٹ جیل بن یامین میانخیل نے کہا کہ جیل کے قیدیوں کے لئے ٹورنمنٹ کے انعقاد کا مقصد ان کیلئے تفریحی مواقع فراہم کرنا ہے ۔جیل میں قید قیدی نفسیاتی دبائو کا شکار ہوتے ہیں ۔ اس لئے جشن آزادی کی خوشیوں میں ان کو شریک کرنے کیلئے تفریحی مواقع فراہم کئے گئے ہیں تاکہ ان میں جیل سے باہر کی زندگی میں آنے کیلئے جرائم سے نفرت پیدا ہو اور وہ خوشحال زندگی گزارنے پر آمادہ ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ لڑائی جھگڑے اور جرائم سے بچا جائے جیل انتظامیہ قیدیوں اور حوالاتیوں کو مثبت سرگرمیوں کیلئے ہر قسم کی سپورٹ دے گی ۔واضح رہے کہ جیل انتظامیہ نے جشن آزادی کی خوشیوں میں جیل کے قیدیوں کو شریک کرنے کیلئے سات روزہ جشن آزادی والی بال ٹورنمنٹ کا انعقاد کیا۔ (نیوز کا فوٹو ہمراہ ہے 4 / 5 )
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسما عیل خان(بیورورپورٹ) پنجاب کی طرف سے ضلع بھکر کے مارجل بند اور سپر بن جانے کی وجہ سے بستی سموکھے والی ، بستی شیخاں والی ،بھوئی اور کہیری کی آبادیوںکے مکانات دریابردہونے لگے ، فصلات کا نقصانات جبکہ روڑہ ، ملانہ اور گومل یونیورسٹی کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ،اہل علاقہ کا وزیراعظم میاں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن سے لدھو مارجنل بند کی فوری تعمیر کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کی طرف سے ضلع بھکر کے مارجنل بند اور سپر بن جانے کی وجہ سے دریائے سندھ کے پانی سے بستی سموکھے والی ، بستی شیخاں والی ،بھوئی اور کہیری میں کئی مکانات دریابرد ہوگئے ہیں جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی سخت نقصان پہنچا ہے۔اسطرح بھکر کے مارجنل بند اور سپر کے بننے سے دریائے سندھ کے پانی سے تحصیل پروآ کے علاقوں ملانہ ،روڑہ اور گومل یونیورسٹی کو بھی سخت نقصان کا خطرہ ہے ۔ ایوان زراعت کے صدر حاجی عبدالرشید دھپ اور ممبر ضلع کونسل ملک عبدالماجد دھپ نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن سے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ تحصیل پروآ کے مختلف علاقوں کو دریائے سندھ کی تباہ کاری سے بچانے کیلئے فوری طور پر لدھو مارجنل بند کی تعمیر کے کام کا آغاز کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسما عیل خان(بیورورپورٹ) کڑی خیسور پولیس نے بلوٹ میں کاروائی کے دوران ایک شخص سے ایک کلوسے زائد چرس برآمد کرلی ۔ جبکہ دو افراد سے دو بندوق اور بارہ کارتوس برآمد کرلئے ، الگ الگ مقدمات درج ۔ تفصیلات کے مطابق کڑی خسیو ر پولیس نے بلوٹ شریف میں نوکر حسین ولد ملازم حسین سے 1008گرام چرس برآمد کرلی جبکہ اکرم سے ایک بندوق بارہ بور اور سات کارتوس جبکہ محمد جان ولد شیر جان سے بھی ایک بندوق بارہ بور اور پانچ کارتوس برآمد کرلئے پولیس نے ان واقعات کی الگ الگ رپورٹ درج کرلی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسما عیل خان(بیورورپورٹ) معروف روحانی شخصیت ،ماہر تعلیم اور سابق ضلعی چیئر مین زکواة کمیٹی ڈیرہ پروفیسر ثناء اللہ ظفری بقضائے الہی وفات پا گئے، ان کی نماز جنازہ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر چار میں ادا کی گئی،جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی بعد میں مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔پروفیسر ثناء اللہ ظفری کے لئے اجتماعی دعا آج بروز سوموار 6.15بجے بعد از نماز عصر مسجد شیخاں والی گلی ڈاٹ والی میں ہوگی ۔ مرحوم کا شمار علاقہ کی معروف روحانی شخصیات اور ڈ یرہ اسما عیل خان کے قابل، محنتی، ایماندار ماہرین تعلیم میں ہوتا تھا، انکے پسماندگان میں ماہر تعلیم ولی اللہ ظفری، زکاء اللہ ظفری، مسلم لیگ (ن) کے رہنماء ڈاکٹر عبداللہ ظفری، وحدت اساتذہ کے رضاء اللہ ظفری، ڈاکٹر ضیاء اللہ ظفری شامل ہیں، مرحوم ثناء اللہ ظفری گومل یونیورسٹی شعبہ اسلامیات کے چیئر مین اور ڈسٹرکٹ زکواة کمیٹی کے چیئر مین کے طور پر بھی اپنی خدمات بطریق احسن سرانجام دے چکے تھے، مرحوم ہمیشہ اصلاح نفس، تعلق باللہ کی مضبوطی، صبر و تحمل، برداشت اور رواداری کا درس دیتے رہے ،ان کی مریدین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی موجودہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ڈیرہ اسماعیل خا ن (بیورورپورٹ) ایکسین واپڈا رولر ڈویژن سعید الرحمن خان نے چارج سنبھالتے ہی بجلی چوروں اور نادہندہ گان کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ۔ کام چور اور فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایات جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق ایکسین واپڈا سیعد الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی او مندھراں سلیم نواز، ایس ڈی او کینٹ سجاد احمد اور ایس ڈی او پہاڑ پور ایوب خان کی سربراہی میں واپڈ ا پولیس اور اہلکاروں نے بجلی چوروں نادہندہ گان اور کنڈا مافیا کے خلاف کاروائی کرکے درجنوں بجلی افراد کو غیر قانونی طریقے سے بجلی چوری کرتے پکڑ لیا ۔جن کے خلاف بھاری جرمانے عائد کرکے واپڈا تھانہ میں ایف آئی آر درج کرکے قانونی کاروائی شروع کردی ہے ۔جبکہ نادہندہ صارفین سے لاکھوں روپے کی ریکوری کی گئی جبکہ بقایا جات کی عدم ادائیگی پر نادہندہ گان کے کنکشن بھی منقطع کئے جارہے ہیں۔

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan

Dera Ismail Khan