اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری

Parliament

Parliament

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسپیکر ایازصادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہو گیا۔ ترک صدر طیب اردوان سمیت وزیراعظم نواز شریف بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہیں ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود ہیں۔

مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات بہت خاص ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف الفاظ تک ہی نہیں، حقیقی معنوں میں برادر ملک ہیں۔

طیب اردوان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں مدد کرنے پر پاکستانیوں کو فراموش کیا نہ کبھی کریں گے۔ ہولناک زلزلے میں سب سے زیادہ مدد پاکستان نے کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ انتہا پسند تنظیمیں صرف مسلمانوں کو ہی نقصان پہنچا رہی ہیں ، دہشت گردی کے خلاف ہمارا تعاون جاری رہنا چاہیے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ ترک کے بہادرعوام نے جرات کے ساتھ اپنے آئین کا تحفظ کیا ۔ دونوں ملکوں کے عوام اور افواج نے بہادری سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ترک صدر کے جراتمندانہ موقف نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے چند روز پہلے سرحد پر فائرنگ کر کے 7 فوجی شہید کر دیے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکی ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔