خصوصی صفائی مہم اور ضلع کورنگی کو بلدیاتی مسائل سے پاک بنانے کے لئے اعلی سطحی کا اجلاس

Shah Faisal Town Karachi News

Shah Faisal Town Karachi News

کراچی: خصوصی صفائی مہم اور ضلع کورنگی کو بلدیاتی مسائل سے پاک بنانے کے لئے حق پرست اراکین قومی اسمبلی آصف حسنین ،ساجد احمد ،اقبال محمد علی خان ،اراکین صوبائی اسمبلی ندیم رازی ،وقار شاہ اور شیراز وحید کی صدارت میں بلدیہ کورنگی کے افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں ضلع کورنگی میں صفائی وستھرائی ، روشنی کے انتظامات کی بہتری،سرسبز ماحول کا قیام اورشاہراہوں فٹ پاتھوں سے تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے سمیت عوام کو درپیش دیگر مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔

اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول ،میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو ،ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس جاوید احمداور دیگر محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے ۔حق پرست اراکین اسمبلی نے کہاکہ علاقائی سطح پر صاف ستھرے ماحول کا قیام اولین ترجیحی عوام کو علاقائی سطح پر درپیش بنیادی مسائل سے نجات دلا نا بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے انجام نہ دینے کی وجہ سے بلدیاتی مسائل میں اضافہ اور شہری علاقے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں ایم کیو ایم شہریوں کے مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گی سندھ حکومت ہو یا ضلعی بلدیاتی ادارے انہیں عوام کو سہولت پہنچا نے کی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔

حق پرست اراکین اسمبلی نے بلدیہ کورنگی کے افسران سے کہاکہ وہ اپنے فرائض کو نیک نیتی اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیتے ہوئے ضلع کورنگی میں بسنے والے لوگوں کو بلا تفریق رنگ و نسل صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات اور تجاوزات سے پاک شاہراہوں کے ساتھ فراہمی و نکاسی آب کے بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں ،صفائی وستھرائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنا نے کے ساتھ سیوریج سسٹم کے حوالے سے بڑھتے ہوئے مسائل کا فوری خاتمہ کیا جائے اراکین اسمبلی نے ضلع بلدیات کورنگی کے تمام محکموں سے کہاکہ وہ شکایتی مراکز کو فعال بنائیں اور عوامی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر ایکشن لیتے ہوئے اس کے فوری حل کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر ایدمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو نے کہاکہ بلدیہ کورنگی عوامی تعاون اور عوام کے منتخب نمائندوں کی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی انہوں نے کہاکہ ہم اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے زیادہ سے زیادہ مسائل کو حل کرنے کی حل ممکن کوشش کررہے ہیںایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے اراکین اسمبلی کو یقین دلا یا کہ صفائی وستھرائی ،سرسبز ماحول کے قیام اور انسداد تجاوزات مہم کو مزید توسیع دیکر ضلع کورنگی سے مسائل کا خاتمہ اور شہر کراچی کا مثالی ضلع بنا یا جائیگا۔