جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد

SINDH SHOOTING BALL ASSOCIATION

SINDH SHOOTING BALL ASSOCIATION

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ اور یوتھ افیئرز حکومت سندھ کے تعاون سے ڈسٹرکٹ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد سروری شوٹنگ بال کلب حسین آباد حیدرآباد میں ہوا۔

ٹورنامنٹ میں صوبہ سندھ کی16 ٹیموں نے حصہ لیا، بخاری شوٹنگ بال کلب حیدرآباد نے ڈسٹرکٹ دادو اور سروری شوٹنگ بال کلب حسین آباد نے محبوب کلب بدین کو شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بہت بڑی تعداد گراونڈ میں موجود تھی۔

فائنل بخاری کلب اور میزبان سروری کلب کے مابین کھیلا گیا بیس پوائنٹ پر مشتمل ایک گیم کا فائنل بخاری کلب نے سروری کلب کو 5 20-1 سے شکست دے کر جیت لیا بخاری کلب کی جانب سے عبدالحکیم بوزدار، مختیار علی ، غلام علی اور جبار تھبو نے عمدہ کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایاجبکہ سروری کلب کے عبداللہ سنی، عاصم پٹھان، امتیاز پٹھان اور محبوب نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی غلام مرتضیٰ بھٹی تھے مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ڈپٹی ڈائریکٹر اسندھ اسپورٹس بورڈ مخدوم ارشاد نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا، فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔

تقسیم انعامات تقریب میں مہمان خصوصی غلام مرتضیٰ بھٹی نے ٹورنامنٹ کی ونر ٹرافی اور کیش پرائز بخاری کلب حیدرآباد کے کپتان عبدالحکیم بوزدار کو جبکہ رنر ٹرافی اور کیش پرائز سروری کلب حسین آباد کے کپتان عاصم پٹھان کو پیش کی ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر عبدالحکیم بوزدار کو مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیاگیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسندھ اسپورٹس بورڈ مخدوم ارشاد، سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر علی جتویٰ، شاہ محمد بھٹی،امیر محمد ابڑیجو، عبدالصبور پٹھان، علی محمد پٹھان، غلام حسن مستویٰ، اسماعیل کھوسہ، سیکریٹری کراچی شوٹنگ بال محمد اجمل، محبوب میمن، شفیع محمد تھبو اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے، فائنل میچ کو حبیب اللہ خشک اور نفیس حیدرنے سپروائز کیا۔