ضلع ملیر میں فٹ بال گرائونڈ کو تباہی سے بچایا جائے، آغا کریم خان

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری غلام اکبر بلوچ ،جوائنٹ سیکریٹری گل حسن بلوچ اور پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے سنیئر رہنماء آغا کریم خان نے اپنے مشترکہ بیان میں ضلع ملیر میں قائم کھیل کے میدانوں کی ذبو حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ملیر میں قائم ملیر یونین ،ملیر محمڈن ،بلوچ یونین ،محفوظ الیون اور وکٹر اسپورٹس کے گرائونڈز ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور کچرا کنڈیوں کا منظر پیش کررہے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو اپنی صحت مند سرگرمیوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہیں۔

رہنمائوں نے کہاکہ کھیل کے میدانوں کی تباہ حالی وجہ سے ضلع ملیر میں صحت مند سرگرمیاں ماند پڑ چکی ہیں ،ضلعی بلدیات کی عدم توجہی اور یونین کمیٹیز کے نمائندوں کی عدم توجہی بھی معنی خیز ہے۔

سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے رہنمائوں نے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر سے پر زور اپیل کی ہے کہ ضلع ملیر کے نوجوانوں کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع ملیر کے فٹ بال گرائونڈ کی تعمیر و ترقی اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے کھیل کے میدانوں کی تعمیر و ترقی کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج دیں۔

تاکہ کھیل کے میدانوں کو درست بنا کر کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کی جاسکیں ،رہنمائوں نے بلدیہ ملیر کے چیئر مین جان محمد بلوچ اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ضلع ملیر میں فٹ بال گرائونڈز کو تباہی سے بچانے کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں۔

جاری کردہ:۔ میڈیا کوارڈینٹر