کھیلوں کے فروغ میں محکمہ کھیل اپنا بھرپور کردارادا کرتا رہے گا’ سیکریٹری اسپورٹس سلیم رضا کھوڑو

Karachi News

Karachi News

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) محکمہ کھیل نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس کا انعقاد کرتا رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات بھی کررہا ہے۔ اس بات کا اظہار سیکریٹری اسپورٹس سلیم رضا کھوڑو نے اصغر علی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پرنسٹن یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ میں محکمہ کھیل اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے اور صوبائی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکے۔

قبل ازیں بی بی اے فرسٹ ایئر کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹ کے نقصان پر 124 رنز اسکور کئے۔ جواب میں بی بی اے فائنل کی ٹیم نے مقررہ ہدف 7 وکٹ کے نقصان پر پورا کرکے تین وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے فاتح ٹرافی اپنے شوکیس کی زینت بنالی۔ ٹورنامنٹ آرگنائزر سبط محمد عامر اور ڈائریکٹر کالجز ضمیر احمد کھوسو نے کھیلوں پر خصوصی توجہ دینے اور کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی دکھانے کا بھرپور موقع دینے پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر’ سیکریٹری اسپورٹس سلیم رضا کھوڑو کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی سیکریٹری اسپورٹس کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔ بعد ازاں مہمان خصوصی سیکریٹری اسپورٹس سلیم رضا کھوڑو نے ڈائریکٹر کالجز ضمیر احمد کھوسو’اسما علی شاہ’ کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ رازق حسین ربانی ،ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن محمد سعید اور سبط محمدعامر کے ہمراہ فائنلسٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں میرٹ سرٹیفکیٹ’ میڈلزاور نقد انعامات تقسیم کئے۔