جاسوسی کا الزام، ممبئی پولیس نے نوازالدین صدیقی کو طلب کر لیا

Nawazuddin Siddiqui

Nawazuddin Siddiqui

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے مشہور اداکار نوازالدین صدیقی کو اہلیہ کی جاسوسی کرنا مہنگا پڑ گیا، کرائم برانچ پولیس اسٹیشن نے نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل رضوان صدیقی کو سمن جاری کردیے۔

اپنی منفرد اداکاری کی وجہ سے مشہور بالی وڈ ادکار نوازالدین صدیقی اس بار اپنی اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ جاسوسی کے الزام میں خبروں کی زینت بنے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر نجی جاسوسوں سے اپنی اہلیہ کا فون ریکارڈ حاصل کرنے اور جاسوسی کی کوشش کی ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق ممبئی کی کرائم برانچ پولیس اسٹیشن نے نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل رضوان صدیقی کو کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اداکار، اس کی اہلیہ اور ان کے وکیل کو گرفتار افراد کی نشاندہی کے بعد ہی سمن جاری کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل کو اس لیے سمن جاری کیے گئے، کیوں کہ گرفتار افراد نے بتایا کہ اداکار نے بھی اپنی بیوی کا فون ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی۔ گرفتار ملزمان لوگوں کا فون ڈیٹا ریکارڈ کرکے اسے فروخت کرتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق گروہ ہائی پروفائل اور اہم شخصیات کا فون ڈیٹا بھی ریکارڈ کرتے تھے اور اس ریکارڈنگ ڈیٹا کی ابتدائی قیمت 25 ہزار روپے سے شروع ہوتی تھی۔