سری لنکا نے تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو8 وکٹوں سے شکست دے دی

Sri Lanka

Sri Lanka

ویلنگٹن (جیوڈیسک) سری لنکا نے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچز پر مشتمل سیریز ہاتھوں سے جانے سے بچالی۔

نیلسن کے ٹیکسٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے۔

کپتان کین ولیمسن 59، ٹام لیتھم 42 اور مچل سینٹنر 38 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ، دشمنتا چمیرا اور جیفری وینڈرسی نے 2،2 جب کہ ملندا سری وردانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

277 رنزکے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپننگ بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 98 رنز جوڑے اور دنشکا گناتھیلاکا 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 65 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد تلکرانے دلشان 91 رنز بنا کر 209 کے مجموعی اسکور پر رنز آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر لہیرو تھرمانے اور دنیش چندیمل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس کھیلے اور ہدف 46.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔

تھرمانے 87 اور چندیمل 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر دنشکا گناتھیلاکا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں نیوزی لینڈ نے مہمان سری لنکا کو باآسانی شکست دی تھی۔