سری لنکا میں پہلی پاکستان سنگل کنٹری نمائش شروع

Pakistan Single Country Exhibitions

Pakistan Single Country Exhibitions

کراچی (جیوڈیسک) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے بندرا نائیکے میموریل انٹرنیشنل کانفرنس ہال میں پہلی پاکستان سنگل کنٹری نمائش جمعہ کو شروع ہوگئی جو اتوار کو ختم ہوگی۔

نمائش کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی تعاون کیا، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر اور سری لنکن وزیرصنعت وتجارت رشاد بدیع الدین نے نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس موقع پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر اور پاکستان اور سری لنکا کی نمایاں تجارتی و صنعتی شخصیات موجود تھیں،پاکستانی نمائش کو سری لنکا عوام میں زبردست پذیرائی ملی اور اس سلسلے میں سودے باضابطہ افتتاح سے قبل ہی شروع ہوگئے۔

گزشتہ روز جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق نمائش کا رسمی افتتاح وزیراعظم نوازشریف رواں ماہ کے آغاز پر دورہ سری لنکا کے دوران پہلے ہی کرچکے ہیں، نمائش میں پاکستانی انجینئرنگ پروڈکٹس، آٹو پارٹس، ایگرو فوڈ، ٹیکسٹائل، کلاتھنگ، ڈیزائنر ویئر، ہینڈی کرافٹس، روایتی ٹیکسٹائلز، کاسمیٹکس، ہربل پروڈکٹس، فارما سیوٹیکلز، جیمز، جیولری، کارپٹس، ماربل اور اس کی مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں، نمائش کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت 32 کروڑ50لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 1 ارب ڈالر تک پہنچنانے کا ہدف حاصل کرنے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہاکہ اس نمائش میں سرفہرست پاکستانی برانڈز شرکت کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں نئی کاروباری شراکتیں قائم، پرانی مستحکم اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کوفروغ ملے گا۔