اسٹیٹ بینک عوام کو نئے نوٹ 25 جون سے جاری کریگا

New Currency Notes

New Currency Notes

کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک رمضان کے دوران عوام کو نئے کرنسی نوٹ کے حصول میں سہولت فراہم کرے گا، بینک دولت پاکستان حسب روایت عید الفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے 16 فیلڈ دفاتر کے علاوہ ملک بھر میں کمرشل بینکوں کے وسیع نیٹ ورک کو استعمال کرے گا۔

اس مقصد کے لیے ایس بی پی بی ایس سی کے فیلڈ دفاتر اپنے کائونٹر کے ذریعے 25 جون 2015 سے نئے نوٹ جاری کرنا شروع کریں گے اور یہ سلسلہ عید الفطر سے پہلے آخری دفتری یوم تک جاری رہے گا جبکہ بڑے شہروں میں واقع کمرشل بینکوں کی 150 مخصوص برانچوں کو ’’سلیکٹ برانچ‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

جہاں سے عام لوگوں کو مقررہ کوٹے کے مطابق نئے کرنسی نوٹ جاری کیے جائیں گے اور یہ کام ایس بی پی بی ایس سی کے افسران کی نگرانی میں ہو گا۔

اس کے علاوہ تمام کمرشل بینکوں کو ایک خصوصی کوٹا بھی جاری کیا گیا ہے جو وہ اپنے باضابطہ صارفین کو فراہم کر سکیں گے، کمرشل بینکوں / مائیکرو فنانس بینکوں کی یہ برانچیں عام لوگوں اور اپنے کھاتے داروں / کارپوریٹ صارفین کو 2 جولائی 2015 سے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنا شروع کر دیں گی، ان انتظامات کے تحت عوام میںسے ہر فرد کو 10 روپے، 20 روپے اور 50 روپے کی ایک ایک دستی جاری کی جائے گی جبکہ 100روپے کے نئے نوٹ اسٹاک کی دستیابی کے مطابق فراہم کیے جائیں گے۔

نئے نوٹوں کے حصول کے لیے عوام کو اپنا اصل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ / اسمارٹ کارڈ بینک کے کائونٹر پر دکھانا ہو گا، ہر فرد کو صرف ایک بار یہ نوٹ دیے جائیں گے، عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے ایس بی پی بی ایس سی میں ہیلپ ڈیسک قائم کی گئی ہے جس کا فون نمبر 021-32455470 ہے۔

عوام اپنی شکایات ای میل ایڈریس freshnotes@sbp.org.pk پر بھی بھیج سکتے ہیں۔ ایس بی پی بی ایس سی نے اپنی ہدایات کی تعمیل کرانے کے لیے نگرانی کا سخت نظام بھی وضع کیا ہے اور عوام کو نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے سے متعلق کسی خلاف ورزی کی صورت میں بینکوں پر جرمانے بھی کیے جائیں گے۔