ریاست کے عوام کی مسلسل قربانیاں اس بات کا واضح اعلان ہیں کہ کشمیری عوام آزادی چاہتے ہیں.توقیر گیلانی

Dr Toqeer Gilani

Dr Toqeer Gilani

آزاد کشمیر کھوئی رٹہ (نامہ نگار) ریاست کے عوام کی مسلسل قربانیاں اس بات کا واضح اعلان ہیں کہ کشمیری عوام آزادی چاہتے ہیں.توقیر گیلانی جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو مسلسل ہراساں کرنے اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں نہتے مظاہرین پر گولیاں چلا کر نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات بھارتی حکمرانوں کی انسان دشمنی اور ریاست جموں کشمیر کے عوام سے نفرت کے منہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے ظلم و جبر اور غیر انسانی ہتھکنڈوں کے خلاف عالمی برادری کو بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے لیکن عالمی برادری کی مسلسل خاموشی اُسکے دہرے معیار اور مجرمانہ غفلت کو ظاہر کرتی ہے۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ گزشتہ 69سال اس بات کے گواہ ہیں کہ بھارتی حکمرانوں کا کوئی بھی حربہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکا ہے اور ریاست کے عوام کی مسلسل قربانیاں اس بات کا واضح اعلان ہیں کہ کشمیری عوام آزادی چاہتے ہیں اور کسی بھی قیمت پر بھارت کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے۔

ڈاکٹر توقیر گیلانی نے گزشتہ ایک ہفتے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چار نوجوانوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید نوجوانوں کی قربانیاں اس وطن کی آزادی کی نوید بن رہی ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ریاست جموں کشمیر شہداء اور معصوموں کی قربانیوں کے طفیل ایک آزاد مملکت بن کر دوبارہ دنیا کے نقشے پر ابھرے گی۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور بھارت بھر کے دیگر اداروں میں پے در پے ہونے والے واقعات اس بات کا واضح اظہار ہیں کہ بھارت میں انتہا پسند عناصر کشمیر دشمنی میں اپنے سیکولر ازم اور بڑی جمہوریت کے دعووں کی قلعی کھول رہے ہیں ۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی روایات کو فروغ دیا ہے اور ریاست میں کسی بھی طرح کے تعصب کو کبھی پروان نہیں چڑھنے دیا لیکن بھارت میں انتہا پسند ہندو عناصر کشمیری عوام کے اس تاریخی اور ثقافتی ورثے کو تشدد اور نفرت کی لہر کے زیرِ اثر لانا چاہتے ہیں تاہم وہ کبھی بھی اپنی مکروہ سازشوں میں کامیاب نہیں ہونگے اور ریاست کے عوام بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل اپنی مکمل آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے واضح کیا کہ ریاست کے لوگ بیرونی قبضے کے خلاف اُس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک کہ عالمی برادری اور بھارت و پاکستان اُن سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کرتے اور ریاست کے عوام اپنی آزادانہ مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ نہیں کر لیتے۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مجرمانہ خاموشی کو توڑتے ہوئے بھارتی حکومت کے ظلم و جبر اور انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔