بیانات محاذآرائی پیدا کر رہے ہیں، نون لیگ ملک کو بے یقینی سے نکالے: چودھری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے اپنی جماعت کے اربابِ بست و کشاد کو مشورہ دیا ہے کہ ان کے بیانات محاذآرائی اور تصادم کی کیفیت پیدا کر رہے ہیں لہٰذا وہ پارٹی اور ملک کو بے یقینی سے نکالیں۔

اپنے ایک بیان میں چودھری نثار نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو خود بھی بے یقینی سے نکلنا ہو گا اور ملک کو بھی نکالنا ہو گا، گوں مگوں کی پالیسی کسی کے مفاد میں نہیں، بار بار کہا جاتا ہے کہ ہم اداروں سے تصادم کی پالیسی پر عمل پیرا نہیں مگر ہمارے بیانات ایک محاذآرائی اور تصادم کی کیفیت پیدا کر رہے ہیں، یہ صورتحال کسی بھی حوالے سے ملکی مفاد میں نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بارہا کہا ہے کہ ایک عدالت کے فیصلے پر اطمینان نہیں تو دوسری سے انصاف مل سکتا ہے، حدیبیہ کیس کے فیصلے کے بعد کیا یہ بات صحیح ثابت نہیں ہوئی؟ مجھے نہیں معلوم کہ حدیبیہ کیس پر اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے پر ہم کیا کہیں گے؟ ملکی تاریخ کے اہم موڑ پر ہمیں جوش سے زیادہ ہوش سے کام لینا ہو گا، قوم کو ایک مثبت اور پُرامید راستے پر لگانا ہو گا۔