اسٹیل ملز ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہوں کی مد میں 87 کروڑ روپے جاری

 Steels Mills

Steels Mills

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی 2 ماہ کی تنخواہوں کی مد میں 87 کروڑ روپے جاری کر دیئے۔اسٹیل مل ملازمین کی ماہانہ 48 کروڑ کی تنخواہ کاٹ کر 43.5 کروڑ روپے کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو وزارت خزانہ نے پاکستان اسٹیل ملز کی انتظامیہ کوملازمین کی 2 ماہ کی تنخواہ کی مد میں 87 کروڑ روپے کی ادائیگی کر دی، پاکستان اسٹیل کے 16 ہزار ملازمین کو دوماہ کی پے سلپ جاری کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اسٹیل ملز کے 4 ماہ تنخواہوں سے محروم ملازمین کو صرف 2 ماہ کی تنخواہ دی گئی، جبکہ ملازمین کی ماہانہ تنخواہ 48 کروڑروپے سے کم کر کے ساڑھے 43 کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے ریٹائرڈ ملازمین اور اوورٹائم کی رقم کاٹ لی ہے۔