سٹاک ایکسچینج ، سرمایہ کاروں کے 31 ارب ڈوب گئے

Stock Exchange

Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) سٹاک مارکیٹ کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز مندی کا شکار ہو گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 41400 پوائنٹس سے گھٹ کر 41200 پوائنٹس پر آگیا جبکہ سرمایہ کاروں کے 31 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے ، پیر کو سٹاک مارکیٹ کاروبار کے آغاز سے ہی دباؤ کی زد میں رہی ، سرمایہ کاروں نے نئی انوسٹمنٹ کے بجائے فروخت کو ترجیح دی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41142 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا ۔

بعد ازاں مارکیٹ میں انڈیکس نے پوائنٹس کو ریکور تو کیا مگر مندی کے گرداب سے نکل نہ سکی ، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 195پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 41435 پوائنٹس سے گھٹ کر 41239 پوائنٹس پر آگیا ، اسی طرح 95 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 21007 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 29476 پوائنٹس سے کم ہو کر 29368.22 پوائنٹس پر آگیا ،کاروباری مندی کا رجحان غالب آنے سے مارکیٹ سرمائے میں31ارب 4 کروڑ 89 لاکھ 93 ہزار 932 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 84 کھرب 93ارب 53 کروڑ 40 لاکھ 88 ہزار 360 روپے سے کم ہو کر 84 کھرب 62 ارب 48 کروڑ 50 لاکھ 94 ہزار 428 روپے رہ گیا ۔

پیر کو 3ارب روپے مالیت کے 8 کروڑ 71 لاکھ 42ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ جمعہ کو 5 ارب روپے مالیت کے 12کروڑ 80لاکھ 57ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ،مجموعی طور پر 357کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 117کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،214میں کمی اور 26کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ،کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ایک کروڑ30لاکھ،ایزگارڈن نائن 75 لاکھ56ہزار ،دوست اسٹیل لمیٹڈ 69لاکھ 94ہزار ، دیوان موٹرز 34لاکھ 23ہزار اور اینگرو پولیمر 28 لاکھ 33 ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ،قیمتوں میں اتار چڑھاؤکے اعتبار سے سیفائر ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 87.51 روپے اورخیبر ٹوبیکو کے بھاؤمیں 40 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ نیلسے پاکستان کے بھاؤمیں 150 روپے اور رفحان میعظ کے بھاؤ میں 31روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔