حصص مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل، مزید 270 پوائنٹس کا اضافہ

Karachi Stock Exchange

Karachi Stock Exchange

کراچی: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی پاکستانی معیشت کی نمو سے متعلق مثبت رپورٹ کے اجرا، بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری لہر بڑھنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 35400 پوائنٹس سے بھی تجاوز کرگیا، تیزی کے سبب 48.44 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 34 ارب 57 کروڑ 39 لاکھ 38 ہزار 74 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی ملکی معیشت میں بہتری سے متعلق رپورٹ کی وجہ سے خریداربینکنگ سیکٹر میں زیادہ متحرک نظر آئے جبکہ سیمنٹ فرٹیلائزراور شعبہ توانائی کی کمپنیوں میں بھی خریداری دلچسپی نظر آئی جس سے مارکیٹ کا گراف تیزی کی جانب گامزن رہا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر357.28 پوائنٹس تک کی تیزی رونما ہوئی لیکن پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 269.79 پوائنٹس اضافے سے 35456.35 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 190.79 پوائنٹس بڑھ کر 22313.47 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 377.70 پوائنٹس اضافے سے 59382.81 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 12.31 فیصد کم رہا،مجموعی طور پر35 کروڑ 58 لاکھ 92 ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 353 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں 171 کے بھاؤ میں اضافہ، 156 کے دام میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔