حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا تیزی پر اختتام

Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا اختتام اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی پر ہوا، جمعہ کو فروخت کے مقابلے میں خریداری بڑھنے کے باعث 36100 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔

تیزی کے باعث مارکیٹ سرمایہ11ارب 92 کروڑ 24 لاکھ 85 ہزار 466 روپے اضافے سے 74 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گیا، تیل وگیس سیکٹرسے سرمائے کا انخلا ہوا، مارکیٹ ایک موقع پر 36000 پوائنٹس کی حد گنوابیٹھی تھی تاہم سرمایہ کاروں کی سیمنٹ، بینکنگ ودیگر شعبوں میں خریداری کے باعث مارکیٹ بلند ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 73.73 پوائنٹس کے اضافے سے 36122.49 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس 51.27 فیصد کمی سے 62878.19 ،کے ایس ای آل شیئرانڈیکس 41.77 فیصد بڑھ کر 24612.74 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 13.53 پوائنٹس کی تیزی سے 16746.53 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم جمعرات سے 2.85 فیصد بہتر رہا اور مجموعی طور پر 31 کروڑ 27 لاکھ 53 ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 365 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں سے 213 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 131 کمپنیوں کے حصص کے داموں میں کمی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔