حصص مارکیٹ میں مندی سے 44 پوائنٹس کی کمی

Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد منگل کو بدترین اتارچڑھاؤ کے بعد دوبارہ مندی کے بادل چھاگئے جس سے 53 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے15 ارب 54 کروڑ 34 لاکھ 88 ہزار598 روپے ڈوب گئے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ فوری منافع کے حصول پررحجان غالب ہونے سے مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی حالانکہ کاروبارکے ابتدا میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے ایک موقع پر 67.27 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 39300 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی تھی جس کے بعدفروخت کے رحجان میں شدت کے سبب ایک موقع پر92.42 پوائنٹس کی مندی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پرمخصوص کمپنیوں میں ہونے والی خریداری کے نتیجے میں مندی کی شدت میں قدرے کمی ہوئی۔

نتیجتاًکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس44.37 پوائنٹس کی کمی سے 39208.88، کے ایم آئی 30 انڈیکس 126.96 پوائنٹس کی کمی سے 70109.22 اورکے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 104.93 پوائنٹس کی کمی سے 18265.00 ہوگیاجبکہ اسکے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس 15.01 پوائنٹس کے اضافے سے 22766.71 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 3.52 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 17 کروڑ 80 لاکھ 65 ہزار 250 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 357 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 145 کے بھاؤ میں اضافہ، 189 کے داموں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔