سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 25 ارب کی ریکوری

Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ سے 3 روزہ مندی کے بادل چھٹ گئے اور جمعرات کو کاروباری تیزی کیساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس 150 پوائنٹس کے اضافے سے 40800 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا جبکہ سرمائے میں 25 ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے اور خرید و فروخت میں بھی 63 لاکھ 35 ہزار 780 حصص کی تیزی ریکارڈ کی گئی ، تاہم تجارتی حجم میں ایک ارب 77 کروڑ 55 لاکھ 27 ہزار 134 روپے کی کمی رونماء ہوئی ، کاروباری حجم 7 فیصد بڑھ گیا ۔ سٹاک مارکیٹ جمعرات کو کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت سمت پر گامزن رہی ، سرمایہ کار وں نے توانائی ، آئل اینڈ گیس اور فوڈز سیکٹرز سمیت منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 2 بالائی حد عبور کرنے میں کامیاب رہا ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 150 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 40662 پوائنٹس سے بڑھ کر 40813 پوائنٹس ہو گیا۔

اسی طرح 91.98 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 20692 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 95 پوائنٹس اضافے سے 29056پوائنٹس سے بڑھ کر 29152 پوائنٹس پر جا پہنچا ، کاروباری تیزی کا رجحان غالب آنے سے سرمائے میں 25 ارب 98 کروڑ 5 لاکھ 91 ہزار 307 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 83 کھرب 75 ارب61کروڑ 71لاکھ 37ہزار 285 روپے سے بڑھ کر84کھرب ایک ارب 59 کروڑ 77 لاکھ 28ہزار592روپے ہو گیا۔

جمعرات کو 5ارب روپے مالیت کے 9کروڑ67لاکھ9ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ بدھ کو 6ارب روپے مالیت کے 9 کروڑ3لاکھ 73ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ، مجموعی طور پر356کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 166 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 160 میں کمی اور 30کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ،کاروبار کے لحاظ سے ایزگار نائن ایک کروڑ35لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 76 لاکھ 76 ہزار ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 57لاکھ72ہزار ،سوئی ناردرن گیس 56 لاکھ 7 ہزار اور سوئی سدرن گیس 43 لاکھ 14 ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔