اسٹریٹ چلڈرن کے مسائل اور حقوق اطفال کے لئے موثر قوانین بنانے کا مطالبہ

SEMINAR

SEMINAR

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جسٹس (ریٹائرڈ ) علی اسلم جعفری نے کہاکہ تعلیم ،صحت سمیت بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی اسٹریٹ چلڈرن میں اضافے اور بچوں کے حقوق کی فراہمی میں رکاوٹ کی اصل وجہ ہے۔

ریاست کو حقوق اطفال کے حوالے سے موثر قوانین بنا نے اور اس پر عمل درآمد کرکے معصوم ذہنوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے کے لئے عملی اقدامات پر زور دیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اور ڈیو کون کے زیر اہتمام اسٹریٹ چلڈرن کے مسائل اور حقوق اطفال پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار سے وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری ،صوبائی محتسب کے رجسٹرار مسعود عشرت ،ڈائریکٹر فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ ناظرہ جہاں ،دیو کون کے سی او نثار نظامانی ،پی ٹی وی کے پروڈیسر حمید بھٹو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جسٹس علی اسلم جعفری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ بچوں کے معیار زندگی کو بدلنے لے لئے انہیں تعلیم کی فراہمی اور تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہوگا کیونکہ علم انسانی زندگی میں مثبت تبدیلی پیدا کرتی ہے تعلیم کے ذریعے ہم بچوں میں اعتماد بحال کرسکتے ہیں تاکہ وہ بہتر زندگی گزار سکیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری نے کہاکہ علم انسانی زندگی میں مثبت تبدیلی لاتی ہے تعلیم کے ذریعے بچوں کے اعتماد کو بحال کیا جاسکتا ہے،انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت بچوں کے حقوق ،صحت اور تعلیم کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے ۔ڈیو کون کے کوارڈینٹر احمد نظامانی نے کہاکہ بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے حکومت اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ بچوں میں شرح غربت کم ہو اور یہ بہتر زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہاکہ 2011ء میں چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے نام پر ایک قانون پاس کیا گیا تھا جس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ اس پر فی الفور عملدرآمد کیا جائے تاکہ غریب بچوں کو غربت سے نکال کر عزت دار شہری بنا یا جاسکے فائونڈیشن فار ریسرچ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ کی ڈائریکٹر ناظرہ جہاں نے کہاکہ غریب بچوں کے پاس رہنے کے لئے گھر نہیں ،کھانے کو روٹی نہیں پینے کو صاف پانی میسر نہیں اور پہننے کو کپڑا نہیں تو یہ بچے کیا کریں گے۔

ایسے بچوں کو مافیا کے لوگ بہلا پھسلا کر اپنی طرف راغب کر لیتے ہیں اور پھر ان کو منفی سرگرمیوں کی طرف مائل کرتے ہیں انہوںنے کہاکہ ہمارا ادارہ اسٹریٹ چلڈرن کو بہتر زندگی کی فراہمی کی طرف راغب کرنے اور بچوں کے حقوق کی جدو جہد میں مصروف عمل ہے۔
جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر