طالبعلموں نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے احتساب کا اعلان کر دیا

University of Gujrat

University of Gujrat

گجرات : یونیورسٹی آف گجرات لنک روڈ کی تعمیر نو کا حمزہ شہباز کا وعدہ پورا نہ ہونے پر طالبعلموں نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے احتساب کا اعلان کر دیا۔ یونیورسٹی آف گجرات کی لنک روڈ کی کھنڈر بنی حالت حکمرانوں کی غفلت اور بے حسی کا ماتم کر رہی ہے۔ میاں حمزہ شہباز شریف نے 2013ء میں سٹرک کی کشادگی ، توسیع اور دو رویہ تعمیر کا اعلان جلسہ عام میں کیا تھا مگر اس کے بعد ضلعی ارباب اختیار، سیاسی راہنمائوں اور حکومت پنجاب نے حمزہ شہباز کے وعدے کا بھرم قائم نہ رکھا اور ہڑپہ اور موہنجو داڑو کے کھنڈرات کا نمونہ پیش کرتی یونیورسٹی روڈ پر کوئی توجہ نہ دی۔

مسلسل مطالبوں اور یادہانی کے باوجود یہ سٹرک جامعہ گجرات کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کے سوتیلے سلوک کی علامت بن چکی ہے۔ طالبعلم راہنمائوں نے جامعہ گجرات کے مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں جامعہ گجرات کے طالبعلم حکومت کی غفلت اور ضلعی انتظامیہ کی بے توجہی کا بھرپور احتساب کریں گے اور یونیورسٹی آف گجرات سے سوتیلاسلوک روا رکھ کے ٹرانسپورٹ کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

تمام طلبہ و طالبات ضلع بھر شہر ، شہر، قریہ قریہ اور گائوں گائوں اس شہر کی دانش گاہ کے طالبعلموں اور ٹرانسپورٹ سے حکمرانوں کے سلوک کا تذکرہ کریں گے۔ خادم اعلیٰ پنجاب اور میاں شہباز شریف گجرات کے بلدیاتی الیکشن پر جامعہ گجرات کی ٹوٹی سٹرک کے اثرات ضرور محسوس کریں گے۔