بیت الاسلام ٹرسٹ کی جانب سے اولمپیاڈ 2018 کا کامیاب انعقاد قابل تحسین ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ شعبہ غیر ملکی نے بیت السلام ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام عصری ودینی اداروں کے مابین منعقدہ اولمپیاڈ 2018 مقابلوں میں فٹبال اور والی بال کا فائنل اپنے نام کر لیا، عربی ، اردو ، انگریزی تقاریر ودیگر مقابلوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر لی۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ترجمان کے مطابق معروف فلاحی ادارہ بیت السلام ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام عصری اور دینی اداروں کے مابین دوسرا اولمپیاڈ 2018کے تمام مقابلے اختتام پذیر ہوگئے،مقابلوں میں جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ،جامعۃ الرشید ،جامعہ بیت السلام سمیت متعددد دینی مدارس سمیت سٹی اسکول ، کراچی گرامر اسکول سمیت اے لیول اور او لیول کے اسکولوں کالجوں کے طلبہ نے حصہ لیا، اکیڈمک اور اسپورٹس کے30سے زائد مقابلوں میں22سو کے قریب دینی وعصری اداروں کے طلبہ نے معلومات عامہ ،انگریزی ، عربی اور اردو تقاریر ، بیت بازی اور نعت خوانی اور فٹ بال،بیٹ منٹن،رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

مدارس میں جامعہ بنوریہ شعبہ ٖغیر ملکی کے طلبہ نے فٹبال اور والی بال کافائنل اپنے نام کر لیا جبکہ عربی ، اردو، انگریزی تقاریر و دیگر مقابلوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی۔اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے بیت الاسلام کی جانب سے اولمپیاڈ کے کامیاب انعقاد کو قابل تعریف اور قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کی منفرد اولمپیاڈ ہے جس میں صرف مدارس کے طلبہ نہیں بلکہ تمام تعلیمی اداروں کے طلبہ نے حصہ لیا اور مختلف تعلیمی نظاموں سے مربوط اداروں کے طلبہ رنگ ونسل سے بالا تر ہوکر شریک ہوئے اس سے عصری اور دینی اداروں کے درمیان پائی جانے والی خلیج کا خاتمہ اور قوم کو اتحاد کا پیغام ملے گا۔