سپریم کورٹ میں کرپشن کے ثبوت لائیں سیاست چھوڑ دوں گا: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اسلام آباد بند کرنے والوں کو لاہور سے بند کھانے کا مشورہ دے ڈالا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر میاں نواز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت ہو جائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی جنرل کونسل نے میاں شہباز شریف کو بلامقابلہ صدر منتخب کیا تو وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا زور اگر بند پر ہی ہے تو لاہور کی دکانوں سے بند لیکر کھا لیں ، کسی کو پاکستان کی ترقی میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دائیں بائیں کھڑے لوگوں نے کروڑوں روپے کے قرضے معاف کرائے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف اور ق لیگ جتنی چاہیں سازشیں کر لیں تمام ناکام ہوں گی اور اورنج لائن سمیت تمام عوامی ترقی کے منصوبے مکمل ہوں گے ۔ انہوں نے نوید سنا دی کہ اگلے سال ملک میں روشنی ہی روشنی ہو گی ۔