سپریم کورٹ فیصلے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے میرے خوابوں کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے،نوازشریف کے بعد اب آصف زرداری کی باری آئے گی ،مولانا فضل الرحمٰن کے پیچھے بھی جائیں گے۔

اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ میں یوم تشکر کے جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے سیاسی کزن طاہر القادری نے ہمارے عدالت جانے کو بڑی غلطی کہا تھا،ججز نے ہمیں سڑکوں پر نہ جانے اور عدالت آنے کا کہا،عدالت نے قوم کو امید دی ہے،میں سپریم کورٹ کےپانچوں ججز اور جے آئی ٹی ارکان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھاکہ کیا ن لیگ کو شہباز کے سوا کوئی وزیراعظم کا امیدوار نہیں ملا ؟ یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے، دنیا سے بادشاہ چلے گئے جمہوری دور آگیا،شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی تیار ہوجاؤ اب ہم تمہارے پیچھے آرہے ہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ آزاد کشمیر کے عوام کو وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے بیان پر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کرنا چاہیے، اسے ایسی بات کہتے ہوئے شرم آنی چاہیے تھی ،اس نے جو بات کہی وہ غداری ہے۔

عمران خان نے جلسے کے شرکاء کو نئے پاکستان کا میچ جیتنے کی خوشخبری دی اور کہا کہ ابھی میچ جارہی ہے آخری گیند پر کھیل ختم ہوگا ،نیا پاکستان انڈر پاس ،میٹرو بس سے نہیں بلکہ عدل و انصاف پر مبنی اصولوں سے بنتا ہے،میری ایک بات بھی عدالت میں جھوٹ نکلی تو خود ہی استعفیٰ دے دوںگا۔

ان کا کہناتھاکہ دنیا بھر کی این جی اوز پاکستان آکر خواتین کو حقوق سے آگاہ کرتی تھی میں دھرنے کے وقت سے پاکستان کی خواتین کو دیکھ رہا ہوں وہ سیاسی طور پر متحرک ہیں،وہ ایک عظیم قوم بنانے میں شریک ہیں،میری سیاسی تربیت بھی میری والدہ شوکت خانم کی،وہ ملک کا درد رکھتی تھیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں چار گھنٹوں سے کارکنوں کا جنون دیکھ رہا ہوں،عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں،نئے پاکستان میں اصلاحات کریں گے،ایسا نظام لائیں گے کہ ملک میں غریب نہیں ملیں گے،یہاں زکوٰۃ دینے والے ہوں گے لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم ایسا نظام لائیں گے کہ کوئی کرپشن نہیں کرسکے گا ،کوئی ٹیکس چوری نہ کرسکےگا ،ہم احتساب کا مضبوط سسٹم بنائیں گے،عوام کے پیسے کی قدر کریں گے۔

عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہیلتھ انشورنس پروگرام لانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے غریب کا 5روپے تک کا علاج مفت ہوگا ، کے پی میں ڈیڑھ لاکھ بچے نجی تعلیمی اداروں سے سرکاری اسکولوں میں واپس آئے ۔

ان کا کہنا تھاکہ لاہور اور پشاور کے گورنر ہائوسز کی دیواریں گرادیں گے ،وہاں پارکس بنائیں گے،پاکستان میں میرٹ لے کر آئیں گے،ہماری ن لیگ سے دشمنی نہیں ،میرے والد اور شوکت خانم پر الزامات سے تکلیف ہوئی۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ دکھ ہوا کہ 21سالہ لڑکی جو یہودی سے مسلمان ہوکر پاکستان آئی اس پر تنقید کی ،جمائما پر یہودی سازش کا الزام لگایا۔