سپریم کورٹ: آئی جی سندھ نے غیر قانونی بھرتیوں کی رپورٹ جمع کرا دی

Supreme Court Karachi Registry

Supreme Court Karachi Registry

کراچی (جیوڈیسک) آئی جی سندھ نے غیر قانونی بھرتیوں پر رپورٹ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جمع کرا دی ہے جس کے مطابق 2013ء سے 2014ء کے درمیان سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ 8 ہزار 375 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔ 11 ہزار 720 اسامیاں تھیں، 11 ہزار 176 افراد کی تقرریاں ہوئیں۔ 2344 اہلکاروں کو تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں۔

آئی جی سندھ کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے سندھ ریزرو پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کی رپورٹ طلب کی تھی۔ سپریم کورٹ نے ڈی آئی جی منیر اے شیخ اور ڈی آئی جی آفتاب پٹھان کو بھی عدالت میں طلب کر رکھا ہے۔

سپریم کورٹ نے سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں پر ازخود نوٹس لے رکھا ہے۔ ازخود نوٹس کیس کی سماعت 22 دسمبر کو کراچی رجسٹری میں ہو گی۔