سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم اجلاس

Supreme Court  Karachi

Supreme Court Karachi

کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری ہونے والے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے اور سینٹرل جیل میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی تعمیرات بروقت مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جسٹس امیر ہانی مسلم کی زیر صدارت اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کاجائزہ لیا گیا، عدالتوں کے انچارج جج بشیر احمد کھوسو نے درپیش مسائل سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر ورکس ڈیپارٹمنٹ نے جیل میں تعمیر ہونے والی انسداد دہشتگردی کی عدالتوں سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ہدایت کی کہ عدالتوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائےاور عدالتوں کو درپیش مسائل کے حل کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی ایم شیخ ،جسٹس فاروق شاہ،سیکریٹری داخلہ،فائننس سیکریٹری،پراسیکیوٹر جنرل ،آئی جی سندھ،آئی جی جیل خانہ جات اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بھی شرکت کی۔