سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ لوکل ٹیکس کا شہر میں اشتہاری بورڈز کے خلاف آپریشن تیز

Supreme Court

Supreme Court

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے احکامات پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ لوکل ٹیکس نے شہر کی شاہراہوں سے غیر قانونی اور بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لگائے گئے اشتہاری بورڈز کے خلاف آپریشن تیز کردیا۔گزشتہ روز محکمہ لوکل ٹیکس ریموول ٹیم نے شہید ملت تا ٹیپو سلطان روڈ کی شاہراہ سے 11ہوڈنگ بورڈ اور 15پائلون جو کہ سڑک کی سنٹرل آئی لینڈ اور گرین بیلٹس پر غیر قانونی طور پر لگا ئے گئے تھے اس کا خاتمہ کردیا۔

سنیئر ڈائریکٹر محکمہ لوکل ٹیکس عبدالراشد خان کی نگرانی میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر کی شاہراہوں ،فٹ پاتھوں اور گرین بیلٹس سمیت دیگر اراضی پر لگائے گئے سینکڑوں سائن بورڈز ،ڈائریکشنز سمیت مختلف اشتہاری بورڈز اُتار دیئے گئے۔

سنیئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکس کے ایم سی عبدالراشد خان نے ریموول انچارج محمد متین صدیقی کو ہدایت کی ہے کہ جاری آپریشن کو مزید تیز کرتے ہوئے غیر قانونی اور بائی لاز کے خلاف شہر کی تمام شاہراہوں سے بلا تفریق ایسے سائن بورڈز کا خاتمہ کیا جائے۔

عبدالراشد خان نے محکمہ لوکل ٹیکس کے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹرز ،ایریا انسپکٹرز اور ریموول ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم گورنر سندھ اور ایدمنسٹریٹر کے ایم سی کی ہدایت پر شاہراہوں سے غیر قانونی سائن بورڈز کے خاتمے کی مہم جاری رکھی جائے انہوں نے کہاکہ حکم کی مکمل عملدرآمد اور شہر کی شاہراہوں سے آخری غیر قانونی سائن بورڈ کے خاتمے تک مہم جاری رہیگا۔