سپریم کورٹ نے یوسی 8 کوہلو میں دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے یو سی 8 کوہلو تارڑ حافظ میں دوبارہ گنتی کا ہائیکورٹ کا حکم معطل کر دیا۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کے والد افضل تارڑ کی یو سی چیئرمین کی رکنیت ختم، مامون تارڑ عہدے پر بحال ہو گئے۔

یو سی 8 کوہلو تارڑ حافظ میں دوبارہ گنتی کا ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف مامون تارڑ کی اپیل پر سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نتیجے کا نوٹیفکیشن ہونے کے بعد ریٹرننگ افسر دوبارہ گنتی کا حکم نہیں دے سکتا تھا، افضل تارڑ کو دوبارہ گنتی کرانے کا قانونی حق حاصل نہیں تھا، حلقے میں دھاندلی یا بے ضابطگی پر دوبارہ گنتی کا حق حاصل ہوتا ہے۔

افضل تارڑ کی جانب سے دھاندلی یا بے ضابطگی کے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ایک گھر میں ایک عہدہ کافی نہیں، حد ہو گئی ہے، عدالت نے مامون تارڑ کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے حلقے میں دوبارہ گنتی کا ہائیکورٹ کا حکم معطل کر دیا، مقدمے کی سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔