ختم نبوت پر یقین رکھتا ہوں، کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں: رانا ثناء اللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں کہ استعفے صرف 2 ہی دیں گے، سیاست کے لئے مذہب کا استعمال جمہوریت کے لئے خطرناک کے ہے، ختم نبوت سب کا مسئلہ ہے، کسی ایک پیر یا جماعت کا نہیں، فیصل آباد کے شو میں پی ٹی آئی نے فعال کردار ادا کیا۔ رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے خرم شہزاد، فرخ حبیب اور ملک اسماعیل سیلا سٹیج پر موجود رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے والے دوست محمد کھوسہ کا مسئلہ سب جانتے ہیں، پارٹی نے انہیں وزیر اعلیٰ بنایا اور ان کا کردار سب کے سامنے ہے، احتجاجی اجتماع کے پیچھے کون ہے؟ قوم سب جانتی ہے، چند ہزار کا جلسہ کرنے والے کروڑوں عوام کی تائید و حمایت پر اثرانداز نہیں ہو سکتے، سیاسی جماعتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ جمہوریت کو نقصان پہنچا تو ہاتھ ان کے بھی کچھ نہیں آئیگا، میرے استعفے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، راسخ العقیدہ مسلمان ہوں، ختم نبوت پر یقین رکھتا ہوں، کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔