سوزوکی پاکستان کا جدید ماڈل میگا کیری متعارف

SUZUKI MEGA CARRY

SUZUKI MEGA CARRY

لاہور (جیوڈیسک) گاڑیاں بنانے والی مشہور کمپنی سوزوکی پاکستان نے صارفین کیلئے مشہور گاڑی کیری ڈبہ کا جدید ماڈل میگا کیری متعارف کروا دیا ہے۔ نئی سوزوکی میگا کیری کو نئی تکنیک سے آراستہ اور جدید طرز پر تیار کیا گیا ہے۔ پک اپ طرز کی اس گاڑی کو خاص طور پر سامان کی باآسانی نقل و حمل کے مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس کے اگلے حصے میں دو مسافروں کے لیے نشستیں موجود ہیں۔

میگا کیری کا یہ جدید ماڈل میں زیادہ وزن اٹھانے کی طاقت انجن پاور کا حامل ہے۔ اس گاڑی کے ذریعے تقریباً 750 کلوگرام وزن اٹھایا جا سکتا ہے۔ جبکہ 1493 سی سی پاور کے انجن کے ذریعے بھاری وزن کو باآسانی پاکستان کے دور دراز شہروں میں پہنچایا جا سکتا ہے۔

سوزوکی پاکستان کی جانب سے صارفین کیلئے متعارف کرائی گئی اس نئی گاڑی کی دونوں نشستوں کے ساتھ مسافروں کی حفاظت کیلئے سیٹ بیلٹس بھی باندھی گئی ہیں۔ میگا کیری کے ٹو وہیل ڈرائیو ماڈل کی قیمت 14 لاکھ 85 ہزار جبکہ فور وہیل ڈرائیو کیلئے قیمت 15 لاکھ 54 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔