سویڈن: مشتبہ شخص نے ٹرک سے کئی افراد کچل ڈالے، تین ہلاک

Sweden Truck Attack

Sweden Truck Attack

اسٹاک ہوم (جیوڈیسک) آج سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے مرکزی علاقے میں ایک ٹرک متعدد لوگوں کو روندتا ہوا ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں جا گھُسا۔ پولیس نے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

اس واقعے کے فوراً بعد لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر افراتفری میں وہاں سے بھاگ نکلے۔ سویڈن کے انٹیلیجنس ذرائع نے ابتدائی معلومات کی روشنی میں اسے ایک ’دہشت گردانہ‘ حملہ قرار دیا ہے۔

سویڈن کی انٹیلیجنس ایجنسی ساپو (Sapo) کی ایک خاتون ترجمان نینا اوڈرمالم کے مطابق یہ جان بوجھ کر کیا جانے والا ایک حملہ تھا، جس میں ’لوگ ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں‘۔

سویڈش پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرک کا ڈرائیور ہجوم میں غائب ہو گیا تھا اور اسے اب تک تلاش نہیں کیا جا سکا۔ سویڈن کے بادشاہ کارل گستاو نے اپنے ایک بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیداران کی جانب سے بھی اس دہشت گردانہ حملے پر دکھ اور تعزیت کا پیغام بھیجا گیا ہے۔