شام میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے

Car Bomb Blast

Car Bomb Blast

دمشق (جیوڈیسک) شام کے صوبے دیرالزور میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے مشرقی صوبے دیر الزور کے علاقے البشرا میں حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے اڈے کے قریب زوردار دھماکے سے تباہ کردی جس کے نتیجے میں 18 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

شامی جنگ پر نظر رکھنے والی تنظیم سیرین آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 11 افراد کا تعلق امریکی حمایت یافتہ فورسز سے ہے جو داعش کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

دوسری جانب درعا میں باغیوں نے بھاری اسلحہ حکومتی فورسز کے حوالے کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ درعا میں بشارالاسد فورسز نے روسی اتحادیوں کی مدد سے درعا پر دو ہفتے تک بمباری کی جس کے نتیجے میں 3 لاکھ 25 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ دو ہفتے سے جاری جنگ کے بعد باغیوں نے علاقہ خالی کرنے اور بھاری ہتھیار حکومتی فورسز کے حوالے کرنے کا اعلان کیا ہے۔