شام میں جاری ظلم نے انسانیت کو شرمندہ کر دیا، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : معروف مذہبی اسکالروجامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے شام میں جاری مسلم کشی کی ایک بار پھر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ شام میں بشار الاسد نے ظلم کی حدیں توڑ دی ہیں اور شام میں جاری ظلم نے انسانیت کو شرمندہ کردیاہے لیکن مسلم حکمرانوں اور انسانی حقوق کے دعویداربے حسی کی تصویر بنے ہیں، مظلوموں پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بشار الاسد کی درندگی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔

عالمی برادری نے خاموشی نہ توڑی تو شام کی تباہی کے اثرات پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتے ہیں،بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاشام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے سینکڑوں مظلوموں کو موت کی نیند سلادیاگیا پھر بھی عالمی امن کے ٹھیکدار، انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداراور اوآئی سی سمیت دیگرکی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیاگیا، انہوں نے کہاکہ مسلم دنیا نے شام کے مظلوموں کو تنہا چھوڑ دیاہے، بشار رجیم کے ظلم وتشدد کی دردناک خبریں آرہی ہیں مگر پوری دنیا خاموشی سے تماشہ بینی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم حکمرانوں کو موجودہ حالات میں مصلحت پسندی چھوڑ کر روش اور بشار الاسد کیخلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے اور عالمی سطح پر مسلمانوں کو کچلنے کا نوٹس لینا چاہیے،انہوں نے کہاکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق حلب کو گھنڈر میں بدل چکاہے،لاکھوں جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر اور بے سروسامانی کی حالت میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ،انہوں نے کہاکہ دنیا میں کہیں بھی کوئی مسلمان ایک پتھر بھی پھینک دے تو پوری دنیا اٹھ کھڑی ہوتی ہے مگر افسوس خون مسلم کی ارزانی آج برما ،شام، فلسطین افغانستان ،عراق اور کشمیر میں مسلمانوں کا چن چن کر قتل عام کیاجارہاہے ،مگر کوئی آواز بلند کرنے والا نہیں،انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کی ناگفتہ بہ صورتحال کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں جنہوں نے اجتماعی مفادات کو پست پشت ڈال کر ذاتی مفاد کے حصول کو اپنا شیوہ بناکر مسلم دشمن طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ جب تک مسلم حکمران متحد ہوکر اقدام نہیں کرتے شام کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا ہے۔

دریں اثناء ، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے لاہور میں خودکش دھما کے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک دشمن قوتیں گٹھ جوڑ کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچارہی ہیں، دہشتگردی کے واقعات میں بیرونی ایجنسز ملوث ہیں حکمران بیان بازی کے بجائے دہشتگردوں کیخلاف کاروائیاں تیز کریں، گزشتہ روز پاڑہ چنار میں دھماکہ کیاگیا اور آج لاہور کو دہشتگردوں نے نشانہ بنایا جس سے واضح ہوتاہے کہ دہشتگرد جب چاہیے جہاں چاہیں اپنی مرضی سے کاروائی کرسکتے ہیں اس لیے حکمرانوں کو سنجیدگی سے اقدامات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ 4فوجی جوانوں کی شہادت پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف قربانیوں کا تسلسل ہے ،پاک فوج نے قوم کو دہشتگردی سے نجات دلانے میں عظیم قربانیاں دی ہیں جس کی وجہ سے آج ملک بھر میں امن کی فضاء بحال ہورہی ہے، شہداء کا خون راہیگا نہیں جائے گا،انہوں نے کہاکہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابرکے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے،آمین