شام پر کنٹرول نہیں دہشتگردوں کو شکست دینا مقصد ہے: روسی صدر

President Putin

President Putin

ماسکو (جیوڈیسک) اتحادی ممالک اور روس کے درمیان شام کے معاملے پر غلط فہمیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ روسی صدر پیوٹن نے واضح کیا ہے کہ وہ شام پر کنٹرول نہیں چاہتے۔ شام کی قیادت کا حق صرف اس کے عوام کا ہے۔

دارالحکومت ماسکو میں انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کیخلاف اتحادی ممالک کی کارروائیاں نا کافی ہیں۔ داعش کی پیش قدمی امریکا، برطانیہ اور یورپ سمیت روس کیلئے بھی خطرناک ہے۔ پیوٹن نے مزید کہا کہ اتحادی ممالک شام کے معاملے پر روس کیساتھ تعاون نہیں کر رہے۔ انھیں داعش کیخلاف لڑنے والے باغیوں کو امریکا کی جانب سے ہتھیاروں کی فراہمی پر بھی شبہات ہیں۔ یہ ہتھیار دشمن کے ہاتھ لگ سکتے ہیں۔

اتحادی ممالک کو اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہو گا۔ شام کے مسَلے کا واحد حل مذاکرات ہے ہمیں جنگ کے تمام فریقین کو بات چیت کی میز پر لانا ہو گا۔ جنگ کے باعث شام میں ڈھائی لاکھ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد یورپی ممالک کی جانب ہجرت پر مجبور ہو کر وطن چھوڑ چکے ہیں۔