شام میں روس کی جانب سے حالیہ شدید بمباری پر شدید تشویش اور افسوس ہے، شاہ اویس نورانی

Karachi

Karachi

کراچی: جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ ہر طرف مسلم ممالک میں تباہی و بربادی عام ہے، جس کا بھی دل کرتا ہے وہ اپنے پڑوس میں موجود کسی بھی اسلامی مملکت پر حملہ کردیتا ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ جنگ میں سب سے زیادہ تباہی شہری و آبادی والے علاقوں میں کی جارہی ہے جس سے لاکھوں بے گناہ مسلمان شہید ہوچکے ہیں، انسانی حقوق کے ادارے مسلمانوں کے حقوق کو جانوروں سے بھی بدتر سمجھتے ہیں کیوں کہ دنیا میں کسی بھی جانور کے لئے بڑے بڑے چندے اور پروگرامات کئے جاتے ہیں ،جبکہ گزشتہ تیس سال میں بیس لاکھ سے زائد مسلمان شہید کردئے گئے ہیں اور پندرہ اسلامی ممالک کو تباہی و بربادی کے بعد پتھر کے زمانے میں بھیج دیا گیا ہے مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے، غیروں کا کیا ذکر کیا جائے جب کہ اپنے ہی اپنے کے غم سے آشنا نہیں ہیں، اسلام کے غداروں اور اسلام دشمنوں کو سعودیہ اور عرب ممالک میں نوازا جاتا ہے جب کہ مسلمان بچے سڑکوں پر آوارہ اور بے بسی کی موت مر رہے ہیں۔

جمعیت علماء پاکستان اس بات کی ضرورت محسوس کرتی ہے کہ عالمی سطح پر مسلمانوں کی ایک ایسی تنظیم بنائی جائے جو اسلامی ممالک میں کسی بھی غیر اسلامی ملک کے حملے کے خلاف پریشر گروپ ہو اور او بارے میں واضح کیا جائے کہ جو بھی کسی اسلامی مملک کے خلاف جارحانہ حکمت عملی رکھے گا اس سے تمام اسلامی ممالک تجارتی اور سفارتی تعلقات ختم کردینگے، ملک شام کے دیرینہ مسئلے پر اہم مذہبی و سیاسی شخصیات سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ شام میں روس کی جانب سے حالیہ شدید بمباری پر شدید تشویش اور افسوس ہے، لاکھوں مسلمان اب تک ہلاک و زخمی اور معاشی طور پر برباد کردیا گیا ہے۔

پاکستان کو چاہیے کہ مسلم دنیا میں مرکزی حیثیت رکھنے کی وجہ سے روس سے سفارتی تعلقات ختم کر کے تمام مسلم ممالک کویکجہتی کا پیغام دے، مسلمانوں میں روس کے لئے نفرت کا پیمانہ بھرچکا ہے,شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ ایوان اقبال لاہور میں جمعیت علما ء پاکستان کے زیر اہتمام امام نورانی ورکرز کونشن کی تمام تیاریوں مکمل ہوچکی ہیں اور ملک کے مختلف شہروں سے قافلے لاہور کے لئے روانہ ہوچکے ہیں، پہلی مئی کا دن یوم انقلاب نظام مصطفیۖ ہوگا، اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان صوبہ سندھ کے سینئر نائب صدر عبدالمجید اسماعیل اور جے یو پی کراچی کے رہنما محمد امین نورانی بھی موجود تھے۔