شام میں روسی فضائی حملوں میں بچوں سمیت 63 افراد ہلاک

Russian Air Strikes

Russian Air Strikes

دمشق (جیوڈیسک) شام کے مشرقی علاقوں میں روسی اور شامی فوج کی فضائی بمباری میں 63 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 9 بچے بھی شامل ہیں۔

شام کے مشرقی شہر دیرالزورکے قریب فضائی کارروائی میں اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 63 ہوچکی ہے۔

شام میں انسانی حقوق کی تنظیم آبزرویٹری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ داعش کے زیر تسلط دیر الزور شہر کے خاشام نامی قصبے میں روس اور شامی لڑاکا طیاروں نے فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 9 بچوں سمیت 63 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ فضائی کارروائی میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فضائی کارروائی میں شدت پسند تنظیم داعش کے 30 جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ دیر الزور میں ایک ہفتے کے دوران مرنے والوں کی تعداد 500 سے زائد ہوچکی ہے جن میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے۔