شام: شادی کی تقریب میں خود کش دھماکہ، 22 افراد ہلاک

Suicide Attack in Syria

Suicide Attack in Syria

الحسکہ (جیوڈیسک) شام کے شمال مشرقی شہر الحسکہ میں کل سوموار کے روز شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئی جب ایک خود کش بمبار نے ایک گھر میں گھس کر شادی کے لیے جمع ہونے والے افراد کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے’آبزرویٹری‘ کے مطابق الحسکہ اور قامشلی روڈ پرواقع تل طویل قصبے میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی۔ اس دوران ایک خود کش بمبار نے شادی والے گھر میں گھس کر خود کو دھماکے سےاڑا دیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بعض دوسرے ذرائع ہلاکتوں کی تعداد 22 بتاتے ہیں۔ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کرد ملیشیا حمایۃ الشعب کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی شامی شہر الحسکہ میں شادی کی تقریب میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے ہلاکتوں کی تعداد 30 بتائی ہے۔ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔