نظام کی تبدیلی کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہو گا، حافظ نعیم الرحمن

Hafiz Naeem ur Rehman Speech

Hafiz Naeem ur Rehman Speech

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رمضان المبارک میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، کے ۔ الیکٹرک کی ناقص کارکردگی اور نااہلی کی وجہ سے کراچی کے عوام مسلسل ایک عذاب کا شکار ہیں۔

جماعت اسلامی کراچی کی عوام کا مقدمہ کے الیکٹرک کے خلاف سپریم کورٹ میں لڑ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ ناظم آباد کے زیر اہتمام شادمان ٹائون میں منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ہمارے نظام کا حصہ بن چکا ہے، ہمیں نظام کی تبدیلی کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

کرپشن معاشرے کے لیے ایک ناسور کی طر ح ہے اور ایک ایسی برائی اور عمل ہے جو تمام مذاہب میں حرام ہے ۔ملک میں تما م خرابیوں اور بحرانوں کی جڑ میں کرپشن موجود ہے اور آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ۔جماعت اسلامی قوم کو کرپشن کے خلاف منظم اور متحرک کر ے گی اورہم اس مہم میں ملک کے تمام طبقات اور محب وطن عناصر کو شر کت کی دعوت دیتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ رمضان تزکیہ نفس اور اجتماعی و انفرادی اصلاح کا درس اور پیغام دیتا ہے ،رمضان قرآن کا مہینہ ہے اور قرآن عظیم الشان کے اندر ہمارے لئے مکمل ہدایت اور ہر قسم کی رہنمائی موجود ہے۔

رمضان المبارک رحمتوں اور بر کتوں کا موسم بہار ہے اللہ تعالیٰ کو صرف انفرادی رجوع پسند نہیں بلکہ اجتماعی رجوع الی اللہ پسند ہے تاکہ سب مل کر ایک ساتھ اپنے رب کے حضور فرمانبرداری اور بندگی کا اقرار کریں اور اللہ تعالیٰ کی کبریائی کا اعلان کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ درحقیقت پوری زندگی میں اللہ تعالیٰ کی بندگی اختیار کرلینا ہی اصل مطلوب و مقصود ہے ،انسانی زندگی کے کسی بھی انفرادی اور اجتماعی شعبے کو دین سے الگ اور دور نہیں کیا جا سکتا اگر ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو تباہی و بربادی پھیلے گی اسی لئے دین اور سیاست کو ہرگز الگ نہیں کیا جا سکتا۔

سیاست کو دین کے تابع کرنے کی ضرورت ہے اور اسی میں نجات کی راہ ہے۔ ملک و ملت کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کے لئے قوم کو اقامت دین کی کوشش کرنے والوں کا ساتھ دینا ہوگا۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320